Live Updates

بھارت کیخلاف شاندار فتح پر پاکستانی قوم متحد ہے لیکن سیاسی بحران پِھر سے ہرے بھرے ہورہے ہیں

بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں لاوا پک رہا ہے، قومی وحدت و اتحاد کو برقرار رکھنے کیلئے سیاسی بحرانوں کا حل تلاش کرنا حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے، نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 16 مئی 2025 20:05

بھارت کیخلاف شاندار فتح پر پاکستانی قوم متحد ہے لیکن سیاسی بحران پِھر ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 16 مئی 2025ء ) نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے سید مودودیؒ میموریل کے انتظامی مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید ابوالاعلیٰ مودودیؒ نے پاکستان میں اقامتِ دین، دفاعِ مملکتِ خداداد اور آئین کی فرمانروائی، عدل و انصاف کے نظام پر مبنی مضبوط نظریات کو فروغ دیا، ملک میں فرقہ واریت، انتہاپسندی، شدتِ جذبات کے بجائے اتحادِ اُمت، سیاسی آئینی جمہوری اقدار اور اخلاقیات کی پابند مزاحمت کا پیغام دیا، کشمیر، فلسطین اور عالمِ اسلام کے اتحاد کے محاذوں پر انہوں نے مجاہدانہ کردار ادا کیا۔

جماعت اسلامی افکارِ مودودیؒ کی روشنی میں قرآن و سُنت کے احکام پر مبنی نظام کے غلبہ، آئین، قانون اور عدل و انصاف کے نظام کے قیام کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی، دینی محاذ پر اکابر زعماء مِلت کو ازسرِنو قراردادِ مقاصد، تمام مسالک کے اکابر علماء کے 22 نکات اور مِلی یکجہتی کونسل کے تمام مسالک کے قائدین کے متفقہ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے لیے اپنے اپنے محاذ اور پلیٹ فارم پر متحد ہونا ہوگا، اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات اور وفاقی شرعی عدالت کے فیصلوں پر عملدرآمد کے لیے ہمہ گیر جدوجہد دینی جماعتوں کا فریضہ ہے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے پہلگام واقعہ کی آڑ میں پاکستان کے خلاف بھارتی جنگی جنون، جارحیت اور اُس کے جواب میں افواجِ پاکستان کی طرف سے بھرپور جوابی کارروائی کو پاکستان کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اللہ کی تائید و نصرت پر یومِ تشکر منارہی ہے تو دوسری طرف انڈیا ذلت آمیز شکست کے بعد اپنے غرور و تکبر اور خطہ پر بالادستی کے خواب چکنا چُور ہونے پر تِلملا رہا ہے اور اپنی عوام کو جھوٹی تسلیاں دینے، زخموں کو بھرنے کے لیے جنگ بندی توڑنے کے بہانے تلاش کررہا ہے۔

فاشسٹ مودی اب کسی نئے ایڈونچر کی غلطی نہ دُہرائیں وگرنہ صرف پاکستان ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر بھی اُسے مزید ذلت و رُسوائی کا سامنا ہوگا، دُنیا جان گئی ہے کہ بھارت اور اسرائیل کا گٹھ جوڑ عالمی امن کے لیے خطرہ اور خطے میں ایٹمی جنگ کا سبب بن سکتا ہے، بھارت، اسرائیل جنگی جنون میں پاگل ہوکر انسانیت کے قتلِ عام پر آمادہ ہیں، اِن کے اس احمقانہ جنگی جنون کو ختم کرنا عالمی برادری کی ذمہ داری ہے۔

لیاقت بلوچ نے میڈیا نمائندگان کے سوالات کے جواب میں کہا کہ انڈیا کے ساتھ دو دیرینہ تنازعات مسئلہ کشمیر اور پانی کا مسئلہ حل ہونے تک خطے پر جنگ کے خطرات منڈلاتے رہیں گے، انڈیا کی حالیہ پاکستان کے خلاف حالیہ جارحیت کے بعد پاک چین بااعتماد دوستی اور ترکی، ایران کیساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات نئے دور میں داخل ہوئے ہیں، افغانستان کو بھی خطے میں استحکام کی خاطر اِسی دوستی کے دائرے میں آنا ہوگا۔

حالیہ بحران کے دوران افغان حکمرانوں اور میاں نوازشریف کی خاموشی لمحہ فکریہ اور معمہ ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارت کے خلاف شاندار فتح و کامیابی پر پوری پاکستانی قوم خوش اور متحد ہے، اس کے ساتھ ہی سیاسی بحران پِھر سے ہرے بھرے ہورہے ہیں، بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں لاوا پک رہا ہے، قومی وحدت و اتحاد کو برقرار رکھنے کے لیے سیاسی بحرانوں کا سیاسی حل تلاش کرنا حکومت، ریاست اور قومی قیادت کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ زراعت، کسانوں / ہاریوں کے مسئلہ پر سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا بے خبر، لاتعلق ہیں جبکہ پنجاب متحرک تو ہے لیکن زراعت اور کسان کو تباہی سے نکالنے کے لیے عارضی، نمائشی اور ایڈہاک ازم پر مبنی بیوروکریٹک اقدامات کی بجائے مستقل پائیدار اقدامات کیے جائیں، پنجاب حکومت ملکی وسائل کو بے دریغ ظالمانہ طریقے سے ضائع کررہی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات