Live Updates

9، 10مئی کی درمیانی رات سپہ سالار کا فون آیا، ان کی آواز میں انتہائی اعتماد اور وطن کی تڑپ تھی

جنرل عاصم منیر نے کہا وزیراعظم اب ہمیں اجازت دیں، دشمن کے منہ پر ایسا تھپڑ رسید کریں گے کہ عمر بھر یاد رکھے گا، پھر جب حملے کئے تو دشمن کو سر چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی تھی اور سیز فائر کی درخواست کردی۔ وزیراعظم شہبازشریف کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 16 مئی 2025 21:17

9، 10مئی کی درمیانی رات سپہ سالار کا فون آیا، ان کی آواز میں انتہائی اعتماد ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 16 مئی 2025ء ) وزیراعظم پاکستان شہبازشریف نے کہا ہے کہ 9، 10مئی کی درمیانی رات سپہ سالار کافون آیا، ان کی آواز میں انتہائی اعتماد اور وطن کی تڑپ تھی،جنرل عاصم منیر نے کہا وزیراعظم اب ہمیں اجازت دیں، دشمن کے منہ پر ایسا تھپڑ رسید کریں گے کہ عمر بھر یاد رکھے گا، پھر جب حملے کئے تو دشمن کو سر چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی تھی اور سیز فائر کی درخواست کردی۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اسلام آباد میں پاکستان مونیومنٹ پر یوم تشکر کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دن دنیا کی تاریخ میں کسی کسی کو صدیوں بعد ملتا ہے، آج سے 50 سال پہلے 1971 میں ایک دلخراش واقعہ پیش آیا تھا، آج 10مئی 2025 کو اس مالک کی کمال مہربانی سے قوم کی دن رات کی دعاؤں سے کروڑوں پاکستانی سجدہ ریز تھے اورافواج پاکستان کیلئے دعائیں مانگ رہے تھے کہ اللہ تعالیٰ ان ہمارے سپوتوں کو ایسی کامیابی عطا فرما کہ دشمن پاکستان کی طرف رخ کرنے کا قیامت تک نہ سوچ سکے۔

(جاری ہے)

اللہ تعالیٰ کا کچھ ایسا خاص کرم ہوا کہ 9 اور 10کی رات کو جو جمعے کا دن تھا، میری افواج پاکستان کے سپہ سالاروں سے ملاقات ہوئی۔ اس میں طے پایا کہ دشمن نے آخری حد بھی پار کردی، ہماری عالمی تحقیقاتی کمیٹی اور تحقیقات کی آفر کو حقارت سے ٹھکرا دیا۔ لیکن دشمن نے غرور کے نشے میں بدمست پاکستان پر حملہ کردیا اور معصوم پاکستانیوں کو شہید کیا جن میں 6سالہ بچہ بھی شہید ہوا۔

مائیں بہنیں اور جوان شہید ہوئے۔ پاکستان کو پیغام دیا کہ ہم پاکستان کے اندر جاکر حملہ آور ہوسکتے ہیں، 9مئی کو فیصلہ ہوا ، پاکستان نے تحقیقات کی جس سے پتا چلا کہ 6بھارت کے جہاز گرا چکے ہیں، یہ 6جہاز اس دشمن کے گرائے جو جنوبی ایشیاء میں خود کو تھانیدار سمجھتا تھا۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے ہمارے جوانوں شاہینوں کو جرات عطا کی کہ رافیل، مگ اور ڈرون گرا دیئے۔

مگر پھر بھی دشمن دھمکیاں دیتا رہا۔پھر 9کو ہم نے فیصلہ کیا کہ بھارت کو جواب دیں گے ۔ 9اور 10مئی کی درمیانی رات اڑھائی بجے سپہ سالار جنرل عاصم منیر نے بتایا کہ ہندوستان نے بیلسٹک میزائل لانچ کئے ہیں، جو نور خان ایئربیس اور دوسری جگہوں پر گرے ہیں، میں اللہ کو گواہ بنا کر کہتا ہوں کہ اس جرنیل عاصم منیر کی آواز میں انتہائی اعتماد ، خودداری اور وطن کی تڑپ تھی۔

جنرل عاصم منیر نے مجھے کہا کہ وزیراعظم اب ہمیں اجازت دیں، ہم دشمن کے منہ پر ایسا تھپڑ رسید کریں گے کہ عمر بھر اس کو یاد رکھے گا۔پھر آپ نے دیکھا کہ پٹھان کوٹ ، اودھم پور، اور دیگر جگہوں پر فتح میزائلوں نے حملے کئے، دشمن کو سر چھپانے کی جگہ نہیں مل رہی تھی، صبح کا وقت تھا، فجر کے بعد میں سوئمنگ کرتا ہوں، میں احتیاطً اپنا سیکیور فون ساتھ لے گیا۔

میں نے ضیاء کو کہا کہ اگر کوئی گھنٹی بجے تو مجھے فوری بتانا۔ تھوڑی دیر میں جنرل عاصم منیر کا فون آیا، کہنے لگے ہم نے بھارت کو بھرپور جواب دیا ہے، اب ہمیں سیز فائر کرنے کی درخواست آرہی ہے۔ میں نے کہا کہ سپہ سالار اس سے بڑی عزت کی کیا بات ہوسکتی ہے کہ آپ نے دشمن کو بھرپور زودار تھپڑ مارا اس کا سرچکرا گیا اب وہ سیزفائر پر مجبور ہے، میں نے کہا کہ آپ بسم اللہ کریں اور اس سیزفائر کی آفر کو قبول کریں۔

یہ اس لمبی داستان کی ایک سمری ہے۔ اس میں ہمارے ایئرچیف اور ان کے شاہینوں نے جو ہم گراؤنڈ ٹیکنالوجی پاکستان میں گرو کی ہے، چینی جہازوں کے اوپر اور زمین میں ماڈرن گیجرٹری انسٹال کی ، اس سے دشمن کے ہوش اڑ گئے ، جبکہ دوست ممالک کا اعتماد آسمانوں سے باتیں کرنے لگا، یہ وہ تبدیلی ہے جو اللہ تعالیٰ نے چند گھنٹوں میں اس دنیا میں ہمیں عطا کی، امریکا سے لے کر جاپان ، جنوبی ایشیاء مڈل ایسٹ آج یہ بات ہورہی ہے کہ افواج پاکستان نے کس طریقے سے خاموشی سے یہ صلاحیت حاصل کی۔

ہندوستان دشمن دنیا کو بتا رہا تھا کہ میری معیشت کھربوں میں ہے، میرے پاس اسلحہ کھربوں ڈالر خرچ کئے، پاکستان کوئی حیثیت نہیں رکھتا، مجھے اس خطے کا بادشاہ تسلیم کریں، لیکن اللہ تعالیٰ کو کچھ اور منظور تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات