ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ وارانہ مہارت سے سرزمین وطن کا دفاع کیا، نواز شریف

پارلیمنٹ نے پاک بھارت جنگ میں مثبت اور توانا کردار ادا کیا، قومی سلامتی کیلئے ہر قسم کی سیاسی تقسیم بھلا کر ایک آواز میں بولنا خوش آئند اقدام ہے، صدر ن لیگ کی سینیٹر عرفان صدیقی سے ملاقات میں گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 17 مئی 2025 16:15

ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ وارانہ مہارت سے سرزمین وطن کا ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17 مئی 2025)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاک بھارت جنگ میں ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ وارانہ مہارت اور بھرپور عزم سے سرزمین وطن کا دفاع کیا، پارلیمنٹ نے پاک بھارت جنگ میں مثبت اور توانا کردار ادا کیا، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر سینیٹر عرفان صدیقی نے جاتی امراءمیں صدر ن لیگ سے ملاقات کی۔

دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملکی سیاسی صورت حال اور حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینیٹر عرفان صدیقی نے صدر مسلم لیگ (ن) کو پارلیمانی پارٹی کی کارکردگی کے حوالے سے رپورٹ پیش کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ قومی سلامتی کیلئے ہر قسم کی سیاسی تقسیم بھلا کر ایک آواز میں بولنا خوش آئند اقدام ہے۔

(جاری ہے)

عوام کے نمائندوں نے 24 کروڑ عوام کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے اپنی بہادر مسلح افواج کا حوصلہ بڑھایا۔

ہماری بہادر مسلح افواج نے انتہائی پیشہ وارانہ مہارت اور بھرپور عزم سے سرزمین وطن کا دفاع کیا۔ پاکستانی میڈیا نے سچ پر مبنی بیانیہ دنیا کے سامنے رکھا اور دشمن کے جھوٹ کو پوری قوت سے بے نقاب کیا۔نواز شریف کا گفتگو کرتے ہوئے مزید کہنا تھا کہ اس فتح پر ہم اللہ تعالیٰ کا بے پایاں شکر ادا کرتے ہیں جس نے ہمیں اس امتحان میں سرخرو کیا۔قومی سلامتی کیلئے ہر قسم کی سیاسی تقسیم بھلا کر ایک آواز ہونا خوش آئند ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل بھی پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا تھا کہ رب العزت کا شکر ہے کہ اس نے پاکستان کو سر بلند کیا تھا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئیٹر)پر اپنے ٹوئیٹ میں نواز شریف نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف، فوج کے سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر، چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر سندھو اور افواجِ پاکستان کو شاباش اور مبارکباد دی تھی۔ سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور امن کو ترجیح دیتا تھا مگر اپنا دفاع کرنا بھی جانتا تھا۔ صدر مسلم لیگ ن نے اپنی ٹوئیٹ کے آخر میں پاکستان زندہ باد بھی لکھا تھا۔