Live Updates

منعم ظفر خان نے گلشن اقبال میں نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کے لیے ’’یوتھ سینٹر ‘‘ کا افتتاح کردیا

نوجوان ہمارے ملک کا65 فیصد حصہ ہے،اوپن ائیر جم، لائبریری اور انڈور گیم ہر نوجوان کی ضرورت ہے،شہریوں نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہے، ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے ،ْ امیرجماعت اسلامی نوجوانوں کے لیے ایک نیا تصور پیش کیا ہے تاکہ نوجوان طبقہ آگے بڑھے ،ْ ہم گلشن اقبال کی ہر یوسی میں یوتھ سینٹر بنائیں گے،ڈاکٹر فواد

اتوار 18 مئی 2025 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2025ء)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے ٹاؤن چیئرمین گلشن اقبال ڈاکٹر فواد، وائس چیئرمین ابراہیم صدیقی، نائب امیر ضلع شرقی انجینئر عزیز الدین ظفر کے ہمراہ کراچی میں اپنی نوعیت کا پہلا سینٹر، اوپن ائیر جم، انڈور گیم،لائبریری پر مشتمل ’’گلشن یوتھ سینٹر ‘‘کا افتتاح کردیا۔ بعدازاں ٹیبل ٹینس، لائبریری اور اوپن ائیر جم کا دورہ بھی کیا۔

منعم ظفر خان نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ گلشن اقبال ٹاؤن کی جانب سے یوتھ سینٹر کا قیام یوتھ کے لیے بہترین تحفہ ہے۔ نوجوان ہمارے ملک کا 65 فیصد حصہ ہیں،اوپن ائیر جم، لائبریری اور انڈور گیم ہر نوجوان کی ضرورت ہے۔ نوجوان طبقے کے لیے تعلیم اور صحت کی سرگرمیاں فراہم کرنا وقت کی اولین ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر پارک اور ڈائریکٹر لائبریری کو نوجوانوں کے لیے یوتھ سینٹر قائم کرنے پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

شہر میں بے شمار مسائل ہیں، پانی و بجلی موجود نہیں، شہر کا انفرااسٹرکچر تباہ حال ہے۔ کراچی کے شہریوں نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا ہے، ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے اور بقیہ اختیارات و وسائل جدوجہد اور مزاحمت سے حاصل کریں گے۔شہر ٹیکس دیتا ہے، شہر میں رہنے والوں کا حق ہے کہ انہیں بنیادی ضروریات فراہم کی جائیں۔

جدوجہد اور مزاحمت کا طریقہ اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ 2001 تا 2005 تک جماعت اسلامی کے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے ریکارڈ اور مثالی کام کروائے تھے۔ 2005 کے بعد شہر کو ایسے لوگوں کے حوالے کیا گیا جو کرپشن اور لوٹ مار کے سوا کچھ نہیں جانتے۔ انہوں نے کہاکہ آج سے 2 سال قبل جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤن چیئرمینز اور 87 یوسی چیئرمینز منتخب ہوئے اسی وقت حافظ نعیم الرحمن نے کہا تھا کہ اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے۔

آج جماعت اسلامی کی 9 ٹاؤن چیئرمینز کی ٹیم نے اختیارات وسائل کا بہانا بنانے بجائے عوامی ریلیف کے کام کیے۔ 19 جون کو جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینز نے حلف اٹھایا تھا۔ مختصر وقت میں 150 سے زائد پارکس بحال کیے ہیں۔ گلشن اقبال ٹاؤن نے اپنے ٹاؤن میں 100 فیصد سرکاری سکولز کو بحال کیا ہے۔ 45 اسکولز جو بلدیات کے تحت ہیں،ہم چاہتے ہیں کہ ان سکولز کو اپ گریڈ کر کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم دی جائے۔

جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز نے 50 ہزار سے زائد اسٹریٹ لائٹس لگائی ہیں۔نعیم اختر نے کہاکہ یوتھ سینٹر کے قیام پر گلشن اقبال ٹاؤن کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ صفورہ ٹاؤن بھی گلشن ٹاؤن کی طرح ہمارا ہی ہے لیکن صفورہ ٹاؤن کی چیئرمین شپ ہم سے چھین لی گئی۔ آئندہ آنے والے دنوں میں پراپرٹی ٹیکس ٹاؤن کی سطح پر جمع کیے جائیں گے۔ جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین عوام کے پیسوں کو عوام پر ہی خرچ کریں گے۔

گلشن اقبال میں 38 پارکس ہیں جس میں سے 18 کا افتتاح ہوچکا ہے ۔ٹاؤن کی انتظامیہ اور پوری ٹیم کا عزم ہے کہ گلشن اقبال کو گلشن بنائیں گے اور یہ تمام ٹاؤنز میں سے بہترین ٹاؤن بنے گا۔ ہمیں امید ہے کہ آئندہ بھی گلشن اقبال کے عوام جماعت اسلامی کے نمائندے کو ہی منتخب کریں گے۔ڈاکٹر فوادنے کہاکہ ہم عوامی خدمت کے ایک اور سنگ میل کو عبور کررہے ہیں۔

جماعت اسلامی کی ٹیم اور ٹاؤن کی جانب سے گلشن اقبال ٹاؤن کے نوجوانوں کے لیے یوتھ سینٹر تحفہ ہے۔ گلشن اقبال ٹاؤن پڑھے لکھے اور سلجھے ہوئے لوگوں سے وابستہ علاقہ ہے۔ آج یوتھ سینٹر ان نوجوانوں کو سامنے رکھتے ہوئے قائم کیا گیا جس کا پاکستان میں 65 فیصد حصہ ہے۔ یہ یوتھ کو مایوسی سے نکال کر کار آمد بنانے کا طریقہ ہے۔ ہم نے اوپن ائیر جم، انڈور گیم اور لائبریری کا قیام کیا ہے۔

ہم نے نوجوانوں کے لیے ایک نیا تصور پیش کیا ہے تاکہ نوجوان طبقہ آگے بڑھے۔ ہم گلشن اقبال کی ہر یوسی میں یوتھ سینٹر بنائیں گے۔ اگر کراچی کو اس کے مینڈیٹ کے مطابق مئیر شپ مل جاتی تو کراچی کا ایک بڑا یوتھ کمپلیکس بناتے۔ جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤنز مل کر کراچی میں ایک بڑا یوتھ کمپلیکس بنائیں گے۔ ہم نے 27 سڑکوں کی مرمت اور 18 پارکس کا افتتاح کردیا ہے۔

ہم نے ٹاؤن کی سطح پر 6 سرکاری اسکولز میں بچوں کو یونیفارم، کتابیں اور فری بیگ فراہم کیے۔تقریب میں نائب امیر جماعت اسلامی انجینئر عزیز الدین ظفر، سینئر ڈپٹی سکریٹری صہیب احمد،سکریٹری ضلع شرقی نعمان صدیقی، یوسی 6 کے چیئرمین حافظ ناصر اشفاق، یوسی 4 چیئرمین فیاض الحق ،یوسی چیئرمین 3 عبد الماجد، انچارج لائبریری محترمہ طلعت ، ٹاؤن کونسلر صائمہ اعجاز ودیگر بھی موجودتھیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات