کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج ، ٹائون چیئر مین گلبرگ نصرت اللہ کے ہمراہ فیڈرل بی ایریا بلاک 9یوسی 5میں باغ عائشہ وسعد بن صلاح اسٹریٹ میں ہائی ماس لائٹس، بلاک 17میں مسجد فرقان اسٹریٹ اور بلاک 14میں رائیل سوئٹس تا منصورہ لائبریری تنصیب اسٹریٹ لائٹس کا افتتاح کردیا ، علاقہ مکینوں کی جانب سے جماعت اسلامی کے منتخب بلدیاتی نمائندوں کی کوششوں اور عوامی خدمت کو بھر پور طریقے سے سراہا گیا اور منعم ظفر خان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور آتش بازی بھی کی گئی ۔
منعم ظفر خان نے علاقہ مکینوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 2سال کے مختصر وقت اور محدود وسائل کے باوجود جماعت اسلامی نے 9ٹائونز میں شہریوں کی مثالی خدمت کی ہے اور ہر ممکن کوشش کی ہے کراچی کو تعمیر و ترقی کی جانب گامزن کیا جائے ، ہم نے 150سے زائد پارکوں اور کھیل کے میدانوں کو آباد کیا ، ہزاروں اسٹریٹ لائٹس اور کئی ہزار مربع فٹ پیور بلاک نصب کروائے ، روڈ سائیڈ جنگل اور اوپن ائیر جم تعمیر کیے ، گلشن اقبال میں یوتھ سینٹر تعمیر کیا اور عزیز آباد میں کراچی کا پہلا ماڈل محلہ بنا یا ، سڑکوں کی استر کاری اور سیوریج و پانی کے مسائل بھی حل کیے اور ٹائون کے بجٹ سے وہ کام بھی کیے جو کے ایم سی کو کرنے تھے ،شہر کو روشنیوں کی طرف لے جانے کا سفر جاری ہے ، اس موقع پر امیر ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج اور ٹائون چیئر مین گلبرگ نصرت اللہ نے بھی خطاب کیا جبکہ ٹائون کے ڈائریکٹر پارکس جاوید حنیف ، سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری،چیئرمین یوسی 4 سید عظیم اللہ حسینی، وائس چیئرمین یوسی 4 مرزا اویس بیگ،چیئر مین یوسی 5 عارف منیر صدیقی، وائس چیئرمین یوسی 5 عرفان شاہ ودیگر بھی موجود تھے۔
(جاری ہے)
علاوہ ازیں منعم ظفر خان نے جے آئی یوتھ ضلع شمالی کے تحت یوپی موڑ نارتھ کراچی میں قائم 10روزہ’’ پڑھو پڑھائو کیمپ ‘‘کا دورہ بھی کیا اور مختلف اسٹالز کا جائزہ لیا اور جے آئی یوتھ کی پوری ٹیم کو متوسط اور سفید پوش گھرانوں کے لیے تعلیمی سہولت فراہم کرنے پر خراج تحسین پیش کیا اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی ’’پڑھو پڑھائو تحریک ‘‘شہر بھر میں پھیلتی جارہی ہے ، اس علمی تحریک نے شہریوںکا ہاتھ تھاما ہے اور ان کو معاشی طور پر بھی سہارا فراہم کیا ، جماعت اسلامی ’’پڑھو پڑھائو تحریک ‘‘کے ذریعے علم کی شمع روشن کررہی ہے اور الخدمت بنو قابل پروجیکٹ کے تحت 50ہزار سے زائد بچوں اور بچیوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروا چکی ہے ، سستی اور معیاری تعلیم کی فراہمی حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے مگر افسوس کہ سندھ حکومت کے 454ارب روپے کے تعلیمی بجٹ کے باوجود عوام کو سرکاری سطح پر معیاری تعلیم میسر نہیں اور سندھ میں 76لاکھ بچے جو 5سال سے 16سال تک کی عمر کے ہیں جنہیں اسکول میں ہونا چاہیے تھا لیکن اسکول جانے سے قاصر ہیں ۔
سندھ حکومت نے تعلیم کو بھی تباہ و برباد کر دیا ہے ۔ اس موقع پر امیر ضلع شمالی طارق مجتبیٰ خان ، نائب امیر احمر خان ، سیکریٹری ضلع شکیل ، جے آئی یوتھ کے صدر کاشف انصار ی، سیکریٹری عثمان انصاری ، جماعت اسلامی کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری اور دیگر بھی موجود تھے ۔منعم ظفر خان نے فیڈرل بی ایریا میں خطا ب کرتے ہوئے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کے 9ٹاؤنز اور ان کی پوری ٹیم محنت کے ساتھ روشنیوں کے سفر کو آگے بڑھا رہی ہے۔
ہم گلبرگ ٹاؤن اور ان کی پوری ٹیم کو اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب اور پارک کے افتتاح پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کیا، ووٹ دیے، منتخب نمائندے عوام کے اعتماد پر پورا اُتریں گے، حقیقی تبدیلی صرف جماعت اسلامی ہی لاسکتی ہے۔ جماعت اسلامی کے ٹاؤنز کی ٹیم نے ثابت کردیا ہے کہ اختیارات ہوں یا نہ ہوں ہم اپنے حصے کا کام کرتے رہیں گے۔
آج کراچی کے شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، 14 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے، جماعت اسلامی کے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کے تھری منصوبہ مکمل کرکے شہریوں کے لیے 100 ایم جی ڈی یومیہ پانی کا اضافہ کیا اور کے فور منصوبہ شروع کیا لیکن 19سال ہو گئے یہ منصوبہ مکمل نہیں ہوا، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا تھا کہ ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے ، جن لوگوں نے شہر کے اداروں پر قبضہ کیا ہے ان سے شہری اداروں کو واپس لیں گے اور وسائل بھی حاصل کریں گے۔
ہم جدوجہد اور مزاحمت کے ذریعے ظالم حکمرانوں سے کراچی کے عوام کا حق حاصل کریں گے۔کامران سراج نے کہاکہ فیڈرل بی ایریا کے عوام کو روشنیوں کا تحفہ مبارک ہو، اسی ہفتے ہمیں پاک فوج نے کامیابی کا تحفہ دیا اور اپنے سے کئی گناہ بڑی فوج کو شکست دی۔ جماعت اسلامی کے منتخب نمایندے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کررہے ہیں۔ جماعت اسلامی عوام کے تعاون کے ساتھ مزید بہتری کے کام سر انجام دینا چاہتی ہے، عوام تعاون کریں ہم گلبرگ ٹاؤن میں مزید بہتری کے کام کریں گے۔
ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم آپ کو چمکتا دمکتا گلبرگ ٹاؤن دیں گے۔ بچوں کا جوش،خواتین و بزرگوں کا عزم اور نوجوان کا جذبہ بتارہا ہے کہ کراچی سے کیے گئے وعدے کی تکمیل ہورہی ہے۔ آج پارک میں موجود بچوں کو راحت میسر آرہی ہے۔ گلبرگ ٹاؤن یوسی 5 کی جانب سے عوام کے لیے پارک جنت سے کم نہیں ہے۔ عوام جانتے ہیں کہ جہاں جہاں جماعت اسلامی کے ٹاؤنز ہیں وہاں کام ہوتا نظر آرہا ہے۔
گلبرگ ٹاؤن میں روشنیوں کی جانب سفر جارہی ہے۔ نصرت اللہ نے کہاکہ دو سال میں فیڈرل بی ایریا کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی ہے، پارکس بحال کیے، اسٹریٹ لائٹس لگوائیں، پیور بلاکس لگوائے، ہم گلبرگ ٹاؤن کو مزید بہتر بنانے کے لیے عوامی ریلیف کے لیے رفاہی کام کریں گے۔ہم نے پارک میں اوپن ائیر جم کا تصور بھی دیا ہے جو ترکی اور دبئی کا تصور ہے، ہم نے پانچواں اوپن ائیر جم باغ عائشہ میں لگایا ہے اور ہم نے وضو کے پانی کو پارک کے استعمال کے لیے مختص کیا ہے۔
پوری دنیا میں موسمیاتی تبدیلی ہورہی ہے۔ ہم نے روڈ سائیڈجنگل کا تصور پیش کیا۔ پانی و سیوریج کے مسائل ٹاؤن کے ذمے نہیں لیکن ہم نے اپنے محدود وسائل اور اختیارات کے باوجود اپنے دائرہ کار سے ہٹ کر پانی و سیوریج کے مسائل بھی حل کروائے ہیں۔ ہم نے دو سال پانی و سیوریج کے مسائل میں 10 کروڑ روپے کی خطیر رقم خرچ کی ہے۔