Live Updates

خارجہ محاذ پرصرف چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہی پاکستان کا بہتردفاع کرسکتے ہیں،عامرعبدالغفارلون

بدھ 21 مئی 2025 16:41

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مئی2025ء)آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر کے وزیر ماحولیات عامر عبدالغفار لون نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف کی جانب سے پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر بھرپور انداز میں پیش کرنے کے لیے پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو سفارتی وفد کی سربراہی دیئے جانے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ خارجہ محاذ پر صرف چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہی پاکستان کا بہتردفاع کر سکتے ہیں۔

اپنے جاری کردہ بیان میں عامر عبدالغفار لون نے نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پروپیگنڈے کا توڑ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے بہتر کوئی اور نہیں کر سکتا،حالیہ پاک - بھارت جنگ میں بھی انہوں نے سفارتی و عالمی میڈیا کے محاذ پر پاکستان کو سرخرو کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خارجہ امور اور سفارتکاری میں مہارت چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو ورثے میں ملی ہے، جو اپنے نانا قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید اور اپنی عظیم والدہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن و مشن کے وارث ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی خود مختار خارجہ پالیسی کی معمار پیپلز پارٹی کی قیادت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بطور وفاقی وزیر خارجہ بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپنی شاندار اور بے مثال کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا، جو ناقابلِ فراموش ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیرِ خارجہ پاکستان کا مؤقف عالمی سطح پر اجاگر کیا اور دنیا کے ساتھ پاکستان کے تعلقات کو مستحکم و مضبوط کیا، جبکہ عالمی میڈیا اور ہر عالمی فورم پر بھی پاکستان کا مقدمہ ہمیشہ موثر اور مدلل انداز میں پیش کیا۔انھوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا فخر ہے اور عوام کے مقبول لیڈر ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات