Live Updates

جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے کا اعزاز بھی قومی اعزاز ہے

یہ امر واضح ہے کہ جنرل ایوب خان ازخود جبکہ جنرل عاصم منیر کو حکومت نے فیلڈ مارشل کا اعزاز دیا، فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر آئین اور جمہوریت کو بھی بالادست بنادیں تو نوبل انعام کے بھی حق دار بن جائیں گے۔ نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 21 مئی 2025 19:24

جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے کا اعزاز بھی قومی اعزاز ہے
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 21 مئی 2025ء ) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کی بھارت کے خلاف جنگ میں عظیم کامیابی ہی بڑا قومی فخر ہے۔ جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے کا اعزاز بھی قومی اعزاز ہے۔ یہ امر بہت واضح ہے کہ جنرل ایوب خان ازخود فیلڈ مارشل بن گئے تھے جبکہ جنرل عاصم منیر کو حکومت نے فیلڈ مارشل کا اعزاز دیا ہے۔

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر آئین اور جمہوریت کو بھی بالادست بنادیں تو نوبل انعام کے بھی حق دار بن جائیں گے۔ نریندر مودی کو شکست نے حواس باختہ کردیا ہے، مودی کی فرسٹریشن بھارت کو مزید تباہ کرے گی۔
بھارت جِس بدترین شکست سے دوچار ہوا، اِس سے عالمی، علاقائی اور ملکی اندرونی محاذ پر اس کا غرور اور بالادستی کا ڈھونگ چکنا چور ہوگیا ہے، بھارتی اقلیتوں بالخصوص مساجد، مدارس کی مسماری، اذان جیسے پرامن مقدس دینی عمل پر پابندی نے اسے اللہ کے غیض و غضب کا شکار کرکے نشانِ عبرت بنایا ہے، اب بھارت کی 7 شمال مشرقی ریاستیں اور خالصتان کی آزادی کی تحریکیں نیا رنگ لائیں گی اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھی حقِ خودارادیت کے حصول کی تحریک نئے دور میں داخل ہوگی۔

(جاری ہے)

بیرونِ ملک دوروں کے لیے تشکیل دیے گئے وفود کو مضبوط قومی حکمتِ عملی اور بیانیہ سے مسلح کیا جائے تاکہ دنیا کے سامنے پاکستان کا مقدمہ پوری جرآت اور دلائل کی طاقت کیساتھ پیش کیا  جاسکے۔ بیرونی دورے پاکستان کے لیے مفید ہونگے، بھارتی چہرہ بے نقاب ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ انڈیا کو بنگلہ دیش کے عوام کی آزادانہ حکمت تنگ کررہی ہے، بنگلہ دیش کے عوام نے بھارت کی بنگلہ دیش میں ننگی مداخلت کو مکمل طور پر مسترد کردیا ہے۔

بھارتی جارحانہ، توہین آمیز، آمرانہ اقدامات کے مقابلہ میں بنگلہ دیش کے اقدامات جرآت مندانہ ہیں۔ بھارت انسانی اور منشیات کی سمگلنگ کا سب سے بڑا مرکز ہے، بھارتی ٹریول ایجنسیز مالکان/سفارت کاروں کو انسانی اسمگلنگ میں ملوث قرار دے کر یہ بات اب خود امریکہ نے بھی تسلیم کرلی ہے،انڈیا امریکہ کو بند، مایوسی کی آنکھیں دِکھا رہا ہے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ کو احساس ہوجانا چاہیے کہ انڈیا اور اسرائیل کی سرپرستی ناجائز ہے، اسرائیل کے ناجائز وجود کو تسلیم کرانے کے لیے ٹرمپ 2 ارب مسلمانوں کی ناراضگی اور نفرت کی تجارت نہ کریں، اسرائیل کا غزہ پر ناجائز قبضہ اسرائیل کے ناجائز وجود کو اور زیادہ متنازع بنادے گا، فلسطین اور جموں و کشمیر کی آزادی سے دنیا میں امن آئے گا اور آزاد ممالک کی آزادی کے تحفظ کو تقویت ملے گی۔

لیاقت بلوچ نے جماعتِ اسلامی کے سینئر رہنما اور جمعیت اتحاد العلما کے سابق سیکرٹری جنرل مولانا عبدالجلیل نقشبندی مرحوم کی راولپنڈی میں نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔ اِس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ مولانا عبدالجلیل نقشبندی عالِم باعمل، جری بہادر اور اقامتِ دین کی جدوجہد کے مجاہد رہنما تھے۔

اتحادِ امت اور تمام مسالک کے علما اور دینی جماعتوں کے درمیان رابطوں اور ہم آہنگی، باہمی احترام کے نقیب تھے۔ مولانا سید ابوالاعلی مودودی کی فِکر کے مطابق وہ مثالی کارکن، اطاعت گذار اور مرجع الخلائق تھے۔ ان کی رحلت سے جماعتِ اسلامی دینی، سیاسی، سماجی محاذ پر ایک مخلص رہنما سے محروم ہوگئی۔ اِنشااللہ! غلبہ دین اور اتحادِ امت کے لیے مرحوم کا مشن ضرور کامیاب ہوگا۔ اِس موقع پر سید عارف شیرازی، نذیر احمد جنجوعہ، سید عزیر حامد، ہارون الرشید، محمد حنیف چوہدری، سید رضا شاہ اور دیگر رہنمابھی موجودتھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات