Live Updates

ہم دہشتگردوں کو پوری قوت سے جواب دیں گے، خضدار واقعے سے متعلق شواہد پیش کریں گے، خواجہ آصف

ہم جو کہہ رہے ہیں اسے ثابت بھی کرینگے یہ صرف باتیں نہیں ہیں، کالعدم بلوچ لبریشن آرمی بھارت کی پراکسی کے طورپر لڑرہی ہے اور بھارت ان کو خونریزی کا پیسہ دیتا ہے، وزیر دفاع کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 22 مئی 2025 14:50

ہم دہشتگردوں کو پوری قوت سے جواب دیں گے، خضدار واقعے سے متعلق شواہد ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔22 مئی 2025)وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ہم دہشتگردوں کو پوری قوت سے جواب دیں گے ، اس قسم کے واقعات کے بعد ایسی تحریکیں مقبولیت کھودیتی ہیں، کالعدم بلوچ لبریشن آرمی بھارت کی پراکسی کے طورپر لڑرہی ہے اور بھارت ان کو خونریزی کا پیسہ دیتا ہے،جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ ہم جو کہہ رہے ہیں اسے ثابت بھی کرینگے یہ صرف باتیں نہیں ہیں۔

ہم خضدار واقعے سے متعلق شواہد پیش کریں گے۔بھارت ان تنظیموں کو پاکستان میں کارروائی کیلئے پیسہ دیتا ہے۔ بچوں اور عورتیں سمیت اپنا دفاع نہ کرسکنے والے لوگوں کو نشانہ بنایا جائے تو ایسا کر نیوالی تحریک کی مذمت ہوتی ہے اور اس کا زورٹوٹ جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا تعصب پسند میڈیا اس حد تک گرچکا ہے کہ پاکستان سے جنگ میں جھوٹی خبریں پھیلانے کے بعد اب کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں کو صحافی بنا کر پیش کررہا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ روزخضدار میں زیرو پوائنٹ کے قریب سکول بس کو دھماکے سے نشانہ بنایا گیا تھا جس میں 3 طالبات سمیت 5 افراد شہید اور متعدد زخمی ہو گئے تھے۔افسوس ناک واقعہ خضدار کے زیرو پوائنٹ پر پیش آیاتھا جہاں ایک سکول وین معمول کے مطابق بچوں کو لے جا رہی تھی کہ اچانک زوردار دھماکے نے قیامت صغریٰ کا منظر پیش کردیاتھا۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوع پہنچ کر زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی تھی۔

کچھ بچوں کی حالت تشویشناک ہونے کی وجہ سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی تھی کہ یہ حملہ خودکش نوعیت کا تھا جس میں حملہ آور نے بس کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا دیاتھا۔جائے وقوع پر موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی اور کئی زخمی بچے سڑک پر جا گرے تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے علاقے خضدار میںسکول بس پر دہشتگرد حملہ کیا گیاتھا۔ بزدلانہ حملے میں اسکول کے معصوم بچوں کی بس کونشانہ بنایا گیا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق خضدار میں بزدلانہ حملےکی منصوبہ بندی دہشتگرد ریاست بھارت میں کی گئی تھی۔ بلوچستان میں بھارتی پراکسیز نے اس بھیانک منصوبے کو انجام دیا گیا تھا۔ میدان جنگ میں ناکامی پربھارت بلوچستان اورکے پی میں پراکسیز سے دہشتگردی کروا رہا تھا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات