Live Updates

خضدار اسکول بس حملہ:شہید طالبہ حفضہ کوثر سپرد خاک

شہید طالبہ حصول تعلیم کے خضدار مقیم تھی،آبائی گائوں میں نماز جنازہ ہوئی

جمعرات 22 مئی 2025 17:13

راجووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 مئی2025ء)خضدار، بلوچستان میں ایک خودکش حملے میں اسکول کی بس کو نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں شہید ہونے والی طالبات میںضلع اوکاڑہ کی ساتویں جماعت کی طالبہ حفضہ کوثر بھی شامل تھیں، جو حصول تعلیم کیلئے اپنے والد، پاکستان آرمی کے اہلکار افتخار کے ہمراہ خضدار میں مقیم تھیں۔ حفضہ کوثر کا جسد خاکی ان کے آبائی گاں 52/2L لایا گیا، جہاںمعززین علاقہ، آرمی افسران کی موجودگی میں نماز جنازہ ادا کی گئی اور پھر قومی پرچم میں لپیٹ کر اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔

حملہ خضدار کے زیرو پوائنٹ پر اس وقت ہوا جب اسکول بس طلبہ کو اسکول لے جا رہی تھی۔ ایک خودکش حملہ آور نے بارود سے بھری گاڑی بس سے ٹکرا دی، جس سے بس مکمل طور پر تباہ ہو گئی۔

(جاری ہے)

پاکستانی حکام نے اس حملے کا الزام بھارت پر عائد کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے کوئٹہ کا دورہ کیا اور زخمیوں کی عیادت کی، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ "پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس بربریت میں ملوث تمام افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔

حملے کے بعد اوکاڑہ میں غم و غصے کی فضا ہے۔ حفضہ کوثر کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ "ہم اپنی پاک آرمی کے ساتھ ہیں، ہمارا تن من دھن پاکستان آرمی کے لیے قربان ہے۔"انہوں نے مطالبہ کیا کہ معصوم بچوں کے خون کا بدلہ لیا جائے اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔یہ حملہ پاکستان میں تعلیمی اداروں پر ہونے والے مہلک حملوں کی ایک کڑی ہے، جس میں معصوم بچوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بین الاقوامی برادری نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے، اور اقوام متحدہ کے ادارے یونیسف نے کہا ہے کہ "بچوں کا اسکول جانا کبھی بھی خطرناک عمل نہیں ہونا چاہیے۔"پاکستانی حکام نے اس حملے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات