Live Updates

عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانا توہین آمیز کوشش ہے، شیخ وقاص اکرم

دشمن پالیسی کے باعث پنجاب میں کسان مقروض اور بیج، کھاد ، ادویات کے قرضوں تلے دب گئے،مرکزی سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی

جمعہ 23 مئی 2025 15:13

عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانا توہین آمیز کوشش ہے، شیخ وقاص اکرم
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے کہاہے کہ عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کروانا توہین آمیز کوشش ہے،کسان دشمن پالیسی کے باعث پنجاب میں کسان مقروض ہوگئے اور بیج، کھاد ، ادویات کے قرضوں تلے دب گئے۔یہاں صوبائی مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ میں گزشتہ روز اسلام آباد پہنچا اور آنے سے پہلے پشاور ہائیکورٹ سے راہداری ضمانت کروائی، سب کی خواہش تھی اسلام آباد میں آؤں۔

انہوںنے کہاکہ یہ لوگ بانی چیئرمین عمران خان کا پولی گرافک ٹیسٹ کرنا چاہتے ہیں جو توہین آمیز کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ورکرز کا ٹرائل ہو رہا ہے، گرمی میں جگہ کم اور رویہ تلخ ہے، ہمارے ورکرز مشکل میں ہیں،صنم جاوید کی ضمانت نہیں ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ چیف الیکشن کمشنر کی تقرری نہیں کی جا رہی ہے،اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے خطوط لکھے، آئینی عہدہ ہے، فوری تقرری عمل میں لائی جائے۔

شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ مریم نواز کہتی ہیں بھارت نے 7 اور 8 مئی کو اتنا نقصان نہیں پہنچایا جتنا پی ٹی آئی نے 9 مئی کو پہنچایا، یہ سوچ ملک دشمنی پر مبنی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بھارت کے خلاف بڑی فتح کے بعد حکومت معاشی فائدہ نہ اٹھا سکی، اتنی بڑی جنگی فتح کے بعد ڈالر اوپر چلا گیا اور روپیہ نیچے آگیا،چار ارب ڈالر ترسیلات زر کا شور مچایا گیا، ہم یہ سننا چاہتے ہیں کہ ملکی معیشت بہتر ہو لیکن جیسے مودی کی پاکستان کے سامنے ہوا نکل گئی، ان کی بھی اعدادوشمار کے سامنے ہوا نکل گئی۔

شیخ وقاص نے کہاکہ3.2 ارب ڈالر کے اعدادوشمار سامنے آئے اور 80 کروڑ ڈالر کم ہوگئے، حکومت نے پورا زور لگا لیا لیکن تین سال میں شرح نمو 2.6 سے اوپر نہیں پہنچ سکی،البیک کی برانچ کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاری بالکل نہیں ہوئی، سٹاک مارکیٹ کے چرچے کیے جا رہے تھے لیکن بین الاقوامی کمپنیاں اپنے شیئر بیچ کر جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی ملک ہے لیکن ملکی بڑی فصلوں میں 13 فیصد گراوٹ آئی ہے، کسان دشمن پالیسی کے باعث پنجاب میں کسان مقروض ہوگئے اور خوراک کی پیداوار غیر محفوظ ہوگئی، پنجاب کا کسان بیج، کھاد اور ادویات کے قرضوں تلے دب گیا، گنے کی ملز کا کسانوں سے برتاو قابل ستائش نہیں ہے۔

مرکزی سیکرٹری اطلاعات نے کہاکہ ڈی جی آئی ایس پی آر نے نوجوانوں کا شکریہ ادا کیا لیکن سب کو معلوم ہے نوجوان کس کے ساتھ کھڑے ہیں، یوتھ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ ہے، ہم نے ڈیجیٹل سرگرمیوں کی تفصیلات میڈیا کو دے دیں۔پریس کانفرنس سے خطاب میں صوبائی مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے کہا کہ فارم 47 کا ڈیٹا دیا گیا تو اس پر کوئی ٹاک شو ہوا اور نہ حکومت نے پریس کانفرنس کی۔

انہوں نے کہا کہ 2021 میں پاکستان میں 5.7 فیصد گروتھ تھی، جب پی ٹی آئی کی حکومت گئی تب گروتھ ریٹ 6.7 فیصد تھی جو 2023 میں منفی ایک سے منفی تین فیصد رہ گئی اور اب 2.68 فیصد تک پہنچ گئی ہے، اگر شرح نمو آبادی کی نسبت کم ہوگی تو یہ معاشی چیلنج ہے۔صوبائی مشیر خزانہ نے کہا کہ حکومت دعویٰ کر رہی ہے کہ گندم اس سال 29 ملین ٹن ہوگئی جو غلط اعدادوشمار دیا گیا،گندم کی پیداوار کم ہونے سے 3 ارب ڈالر کا سالانہ نقصان ہوگا، 10 ملیں ٹن سے گر کر سالانہ 8.2 فیصد پیداوار رہ گئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات