Live Updates

پاک افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے اس کے جنگی جنون کو خاک میں ملادیا، صدر آزاد کشمیر

ہفتہ 24 مئی 2025 16:44

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) صدر آزاد کشمیربیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت نے جنگی جارحیت کر تے ہوئے پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی کی اور حملہ آور ہوا۔ ہماری پاک افواج نے بھارت کی اس جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور اُس کے جنگی جنون کو خاک میں ملایا۔ ہم پاک افواج کی اس کامیابی پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار صدر آزاد وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں چیئرمین ضلع کونسل میرپور راجہ نوید اختر گوگا، پولیٹیکل سیکرٹری ہمراہ صدر سکندر بیگ اور صدارتی کوارڈینیٹر چوہدری امجد محمود آرائیں سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت ایک بزدل دشمن ہے جس نے رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ کیا اور معصوم لوگوں کو رات کی تاریکی میں شہید کیا۔

(جاری ہے)

بھارت، پاک افواج کی طرف سے جوابی کارروائی سے بوکھلاہٹ کا شکار ہو گیا اور اُس نے لائن آف کنٹرول پر شہری آبادیوں کو بمباری کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں شہریوں کی املاک کو نقصان پہنچا اور معصوم لوگ شہید ہوئے۔ پاک فوج اور پاک فضائیہ کی طرف سے جوابی کارروائی میں بھارت کو بری طرح شکست کا سامنا کرنا پڑا اور مودی سرکار کو اس وقت اپنے ملک کے اندر ہزیمت کا سامنا ہے۔

بھارت کی اس شکست پر بھارتی عوام نریندر مودی سے استعفیٰ کا مطالبہ کر رہی ہے۔صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت اب دفاعی پوزیشن پر آ چکا ہے اور ہم سب کو مل تمام سیاسی وابستگیوں سے بالا تر ہو کر مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارتی جارحیت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے مسئلہ کشمیر پر ثالثی کی پیشکش ایک خوش آئند اقدام ہے جس کا ہم خیر مقدم کرتے ہیں اور امریکی صدر کی طرف ثالثی کی پیشکش کی وجہ سے مسئلہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر ایک بار پھر اُجاگر ہوا ہے اور انٹرنیشنل کمیونٹی کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مرکوز ہوئی ہے، اس لئے ہم سب کو مل کر بالخصوص اوورسیز کشمیریوں کو مسئلہ کشمیر کے حل اور بھارتی جنگی جارحیت کو بے نقاب کرنے کے لئے کمر بستہ ہونا پڑے گا تاکہ مودی کے ان مکروہ عزائم کو دنیا کے سامنے بے نقاب کیا جا سکے۔

صدر آزاد وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میرپور کے عوام کے مسائل کا حل اور تعمیر و ترقی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور مجھے یہ اعزاز حاصل ہے کہ میرپور کے عوام نے مجھے9مرتبہ آزاد کشمیر قانون سا ز اسمبلی کا رکن منتخب کیا یہ اعزاز آج تک کسی کے پاس نہیں ہے۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میرپور کے عوام کے جتنے مسائل ہیں وہ جلد حل کیے جائیں گے اور اس حوالے سے میں خود اپنی نگرانی میں میرپور کے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کراؤں گا اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں رکھی جائے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات