Live Updates

بھارتی جارحیت پر پاکستان کی مسلح افواج نے بہادری، دلیری اور حکمت عملی کا ایسا مظاہرہ کیا جس سے دشمن پسپا ہوا، پاکستان کو تاریخی فتح حاصل ہوئی، عطاء اللہ تارڑ

ہفتہ 24 مئی 2025 17:23

بھارتی جارحیت پر پاکستان کی مسلح افواج نے بہادری، دلیری اور حکمت عملی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت پر پاکستان کی مسلح افواج نے بہادری، دلیری اور حکمت عملی کا ایسا مظاہرہ کیا جس سے دشمن پسپا ہوا، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی شجاعت، دور اندیش قیادت اور پاک فضائیہ کے سربراہ ظہیر احمد بابر کے شاہینوں کے کارنامے قابل تحسین ہیں، نیول چیف ایڈمرل محمد اشرف کی قیادت میں پاک بحریہ نے دشمن کو ساحلوں تک رسائی سے روکے رکھا اور پاکستان کو تاریخی فتح حاصل ہوئی۔

ہفتہ کو یہاں مسلم لیگ (ن) کی کارکن ثمینہ قاسم کی نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے مسلح افواج کے سربراہان اور جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری فضائیہ اور بحریہ الرٹ تھیں، بھارت کو جرات نہیں ہوئی کہ وہ ہمارے ساحلوں کا رخ کرے۔

(جاری ہے)

اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو تاریخی فتح سے نوازا، بھارت کے جہاز گرے، اس کی ملٹری تنصیبات کو نقصان پہنچا، اب بھارت بیک فٹ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ، آذربائیجان اور ایران کے دورے کریں گے۔ انہوں نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو پاکستان کا قابل اعتماد دوست قرار دیا اور کہا کہ رجب طیب اردوان پاکستان کی ہر دلعزیز شخصیت اور پاکستان کے دوست ہیں، پاک بھارت کشیدگی کے دوران ان کا کردار اہم رہا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم آذربائیجان اور ایران کا دورہ بھی کریں گے، باکو کی سڑکوں پر پاکستان کی فتح کا جشن منایا گیا۔

پاکستان کے دوست ممالک نے ہمارے حق و سچ پر مبنی بیانیہ پر ساتھ دیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کے پاس بات کرنے کے لئے کچھ نہیں رہا، ہم نے پہلگام واقعہ کی تحقیقات کی بھی پیش کش کی تھی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو شاندار فتح سے نوازا ہے، مسلح افواج کے سربراہان اور اپنے جوانوں کے مشکور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا ہائوسز اور سوشل میڈیا صارفین نے بیانیہ کی جنگ میں کلیدی کردار ادا کیا، دنیا نے بھی پاکستانی موقف کو تسلیم کیا، پاکستان نے نہ صرف عسکری محاذ بلکہ سفارتی و اطلاعات کے محاذ پر بھی برتری حاصل کی جبکہ بھارت کا جھوٹا بیانیہ بے نقاب ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جب بھارت نے پاکستان پر حملہ کیا تو اسے منہ کی کھانا پڑی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے مسلم لیگ (ن) کراچی کے کارکنوں کی بھارتی جارحیت کے دوران خدمات کو بھی سراہا۔ مسلم لیگ (ن) کی دیرینہ کارکن ثمینہ قاسم کی پارٹی کے لئے خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ مرحومہ محب وطن پاکستانی تھیں۔ اپنے انتقال سے چند گھنٹے قبل انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں خضدار سانحہ پر افسوس کا اظہار کیا جو ان کی ملک سے وابستگی کا واضح ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ثمینہ قاسم کی وفات کا دکھ ہمیشہ رہے گا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحومہ کو اپنے جوار رحمت میں اعلی مقام عطاء فرمائے۔\932
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات