Live Updates

خضدار میں سکول بس پر حملہ انسانیت سوز دہشتگردی کی بدترین مثال ہے،چودھری جعفراقبال

دشمن کے ایسے اوچھے ہتھکنڈے پاکستانیوں کے حوصلے کم نہیں کرسکتے،عشرت اشرف

اتوار 25 مئی 2025 19:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن) کے سنیئر رہنماوسابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی وسینیٹر چودھری محمد جعفراقبال اور رکن صوبائی اسمبلی عشرت اشرف نے خضدار بلوچستان میں سکول جاتے بچوں کی بس پر حملے کو دشمن کا بزدلانہ فعل قرار دیتے ہوئے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہاہے کہ بزدل دشمن سامنے وار کرنے سے ڈرتاہے،پاک فوج کے خوف نے دشمن کو اس قدر حواس باختہ کردیا ہے کہ وہ اب انسانیت سے بھی گرچکاہے ،پوری قوم دشمن کے ناپاک ارادوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے اور ایسے اوچھے ہتھکنڈے پاکستانیوں کے حوصلے کم نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہاکہ آپریشن بنیان المرصوص کی کامیابی نے ہمارے ازلی دشمن کی نیندیں حرام کردی ہیں،پاک فوج کے لگائے گئے زخموں نے دشمن کو حواس باختہ کردیا ہے او روہ عقل وخرو سے فارغ ہوکر بزدلانہ حرکتوں پر اتر آیا ہے،خضدر اے پی ایس سکول بس پر ہونے والا خودکش دھماکہ بزدلانہ اور شرمناک ہے،معصوم طلبہ کو نشانہ بنانے والے بزدل کوبتا دیناچاہتے ہیں کہ دہشتگردی کی لعنت کامکمل قلع قمع کرکے دم لیں گے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنماچودھری محمد جعفراقبال اور عشرت اشرف نے مزید کہاکہ معصوم بچوں کا خون بہانے والے مسلمان تو کیا انسان کہلانے کے بھی مستحق نہیں ہیں اور نہ ہی کسی معافی کے مستحق ہیں، ہم اپنی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں ،بھارت کو پاکستان کے ساتھ جنگ کرنے اور ہارنے کے بعد اور کوئی طریقہ نہیں ملاتو دوبارہ سے بلوچستان اور افغانستان کے ذریعے دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیاں کرنا شروع کردی ہیں لیکن ان کو یہ معلوم نہیں کہ ہم ان کی اس طرح کی بزدلانہ حرکتوں سے گبھرانے والے نہیں اور نہ ہی پاکستان کوکوئی نقصان پہنچانے کی جرات کرسکتاہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت اور سیکورٹی ادارے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے بے رحم آپریشن کریں،اللہ تعالیٰ ملک پاکستان کی حفاظت فرمائے اور شہید ہونے بچوں اور ان کے خاندانوں سے دلی ہمدردی ہے،اللہ تعالیٰ ان سب کے درجات بلند فرمائے اور اُن کے لواحقین کو صبر جمیل عطافرمائے اور جوبچے زخمی ہیں انہیں اللہ تعالیٰ جلد شفائے کاملہ و عاجلہ نصیب فرمائے،آمین ثم آمین۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات