Live Updates

مارشل لاء سے تباہی آئی، ان کا کام جنگ لڑنا ہے وہ لڑیں، سیاست میں کیوں گھسے ہوئے ہیں، علی امین گنڈاپور

یہ یا مارشل لا لگاتے ہیں یا بندے کنٹرول کرتے ہیں، حکومتیں گرانا بنانا اِن کا کام نہیں، آپ یہاں گُھسے ہوئے ہیں کہ لوگوں پر غلط پرچے کاٹو، تشدد کرو، اُٹھاؤ، پارٹیاں تبدیل کراؤ؛ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی میڈیا ٹاک

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 مئی 2025 13:26

مارشل لاء سے تباہی آئی، ان کا کام جنگ لڑنا ہے وہ لڑیں، سیاست میں کیوں ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی 2025ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ مُلک کی تباہی ہمیشہ مارشل لاء سے آئی، اِن کا کام جنگ لڑنا ہے وہ لڑیں، سیاست میں کیوں گھسے ہوئے ہیں، عمران خان پر کوئی کیس نہیں بے گناہ کو جیل میں ڈالا ہوا ہے، انکو شرم آنی چاہیے جو مینڈیٹ چوری کر کے بیٹھے ہیں، جن کے حکم پر یہ چل رہے ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ملک کی تباہی کب شروع ہوئی؟ جب اس ملک میں مارشل لاء لگائے گئے اور حکومتوں کو توڑا اور کنٹرول کیا گیا، آج بھی اس ملک کو بالواسطہ بلاواسطہ کنٹرول کیا جا رہا ہے، مُلک کی تباہی مارشل لا سے آئی، یہ یا مارشل لا لگاتے ہیں یا بندے کنٹرول میں کرتے ہیں، حکومتیں گرانا بنانا اِن کا کام نہیں، اِن کا کام جنگ لڑنا ہے، وہ لڑیں، آپ یہاں گُھسے ہوئے ہیں کہ لوگوں پر غلط پرچے کاٹو، تشدد کرو، اُٹھاؤ، پارٹیاں تبدیل کراؤ۔

(جاری ہے)

علی امین گنڈاپور کہتے ہیں کہ خیبرپختونخواہ کی کارکردگی کو آئی ایم ایف نے بھی سراہا ہے کہ ہم نے اہداف حاصل کیے ہیں، باقی صوبوں میں فارم 47 کی حکومت ہے ان کی کارکردگی بھی دیکھ لیں، کل پیپلزپارٹی کے اوپر پشاور ریڈزون میں شیلنگ ہوئی وہ میرے حکم پر نہیں ہوئی، وہ ریڈ زون کے ایس او پیز کے مطابق ہوئی لیکن انہوں نے عمران خان کی رہائی کا کیمپ جلا دیا انہوں نے بھٹو کو مار دیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کو چیلنج دیتا ہوں کہ جگہ رکھ کر آجاؤ پھر دیکھ لیتے ہیں کہ اسلحے کے زور پر کون بہادر بنتا ہے، اگر آپ نے گولیاں مارنی ہیں تو اس بار ہم بھی اسلحہ لے کر آئیں گے، اس بار ہم بھی پورے طریقے سے آئیں گے کیوں کہ ہمیں پتہ ہے آپ نے گولیاں چلانی ہیں، تم اپنے گھر بیٹھے ہوتے ہو رانا ثنا اللہ لیکن ہمارے ساتھ لوگوں کے بیٹے بیٹیاں ہوتے ہیں، اپنی اصلاح کر کو اور غلطی مان لو۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات