Live Updates

ایٹمی ہتھیار تباہی کا نہیں ، طاقت کا توازن قائم رکھنے کا ذریعہ ہیں، ڈاکٹرفاروق ستار

پاکستان کے ایٹمی پروگرام کا آغاز بھٹو کے دور میں ہوا اور اسے عملی جامہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پہنایا،سربراہ ایم کیو ایم

بدھ 28 مئی 2025 23:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء)ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے میں بنیادی کردار ادا کرنے پر ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایٹمی ہتھیار تباہی کا نہیں بلکہ خطے میں طاقت کا توازن قائم رکھنے کا ذریعہ ہیں۔بدھ کوایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادرآباد سے متصل پارک میں یومِ تکبیر کی مناسبت سے منعقدہ تقریب خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ 28مئی کا دن اس عہد کی تکمیل کا دن ہے جو قیام پاکستان کے وقت کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہاکہ بانیان پاکستان کی اولادوں نے نہ صرف آزادی حاصل کی بلکہ اسے سنوارنے اور ترقی دینے میں بھی کلیدی کردار ادا کیا۔انہوںنے کہاکہ کراچی صرف منی پاکستان نہیں بلکہ پورے برصغیر کی نمائندگی کرتا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خالد مقبول نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ 1971کے بعد ایک وفادار پاکستانی جو یورپ میں کامیاب زندگی گزار رہا تھا، سب کچھ چھوڑ کر وطن واپس آیا اور پاکستان کو ناقابلِ تسخیر دفاعی طاقت بنانے میں اپنا کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں آج تک نیوکلیئر ہتھیاروں کا دوبارہ استعمال نہ ہونا اس حقیقت کی گواہی ہے کہ ایٹمی ہتھیار طاقت کا توازن قائم رکھنے کا ذریعہ ہیں، نہ کہ تباہی کا۔چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ پاکستان اب اپنے اصل وارثوں کی طرف لوٹ رہا ہے، اور ہمیں فخر ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان جیسا محسن اسی شہر کا بیٹا تھا۔اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مئی 2025میں خطے کی بدلتی صورت حال نے 28مئی کی تاریخی اہمیت کو ایک بار پھر اجاگر کر دیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ1998میں پاکستان کا ایٹمی طاقت بننا صرف ایک عسکری کامیابی نہیں بلکہ پورے خطے میں پائیدار امن کے قیام کی بنیاد بھی ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ قیام پاکستان میں شامل افراد کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، پاکستان کے ایٹمی پروگرام کا آغاز ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں ہوا، جب کہ اسے عملی جامہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے پہنایا۔انہوں نے کہا کہ دفاعی بجٹ میں اضافہ ناگزیر ہے تاکہ پاکستان کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔انہوںنے کہاکہ عالمی سطح پر پاکستان کی اہمیت بڑھانے کے لیے بہترین سفارت کاری کی ضرورت ہے اور امریکا جیسی سپر پاور کا مسئلہ کشمیر پر سنجیدگی کا اظہار ہمارے لیے ایک موقع ہے، ہمیں چاہیے کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو موثر طور پر پیش کریں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات