Live Updates

گورنرپنجاب سردارسلیم حیدر کی کے پی کے میں پر امن احتجاج کے دوران پیپلز پارٹی کے ورکرز پر تشدد کی مذمت

جمعرات 29 مئی 2025 21:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 مئی2025ء) گورنرپنجاب سردارسلیم حیدر نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں پر امن احتجاج کے دوران پیپلز پارٹی کے ورکرز پر تشدد کی مذمت کرتا ہوں۔ خیبرپختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہوش کے ناخن لے۔ خیرپختونخوا کی صوبائی حکومت کو عوام سے براہ راست ٹکرائو کی حکمت عملی مہنگی پڑے گی ۔ مودی کی ملکی اور بین الاقوامی سطح پرتاریخ ساز ذلت اور رسوائی اسے کبھی نہیں بھولے گی۔

بھارت کے خلاف ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سمیت ہرفرد نے پاک فوج کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں واہ کینٹ سے تعلق رکھنے والے وفد سے ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں چوہدری عارف محمود سابق وائس چیئرمین کینٹ بورڈ واہ کینٹ، گلزار احمد سابق صدر پی او ایف ملازمین کوآپریٹو ہائوس بلڈنگ واہ کینٹ،ملک رحمت اللہ سابق ٹریثرار پی او ایف ایمپلائیز کوآپریٹو ہائوس بلڈنگ سوسائٹی واہ کینٹ،ملک نوید حسن شامل تھے۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ سپہ سالار کی قیادت میں پاک فوج کی بھارت کے خلاف آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی محفوظ پاکستان کی ضامن ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی پانی کو ہتھیار بنانے کی دھمکی افسوسناک ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے خلاف دوبارہ کسی بھی قسم کی جارحیت اور اشتعال انگیزی سے پہلے سو بار سوچے گا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کو اس وقت نہ صرف ملکی بلکہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کے خلاف ذلت آمیزشکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی سا لمیت اور خودمختاری کیلئے ملکی تمام سیاسی جماعتوں سمیت ہر فرد نے پاک فوج کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا مظاہر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نہ صرف پنجاب بلکہ ملک بھر میں مقبولیت کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی آئندہ عام انتخابات میں حریف جماعتوں کو ٹف ٹائم دے گی۔انہوں نے کہا کہ انشا اللہ بلاول بھٹو زرداری عوامی مینڈیٹ سے ملک کے آئندہ نوجوان وزیر اعظم ہوں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات