Live Updates

جنرل چوہان کا اعتراف:مودی حکومت شدید تنقید کی زد میں

اتوار 1 جون 2025 22:40

نئی دلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جون2025ء) بھارتی فوج کے چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان کیطرف سے پاک فضائیہ کے ہاتھوں بھارتی طیاروں کی تباہی کے اعتراف کے بعد مودی حکومت اور بھارتی فوج شدید تنقید کی زد میں ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق معروف صحافی پنکج پَچوری نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ سنگاپوری بزنس نیوز چینل نے بھارتی طیارے گرائے جانے کی بڑی بریکنگ دے کر بھارتی میڈیا کی اہلیت پر سوالیہ نشان لگا دیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈھیر سارے نیوز چینلز، ان پر گھنٹوں چلنے والے نیوز شوز اور اخباروں میں چھپنے والی خبریں، بھارتی میڈیا کہیں بھی جنگی طیارے گرنے کی تصدیق کرنے میں ناکام رہا۔متعدد کتابوں کی مصنف اور راجیہ سبھا کی رکن ساگاریکا گھوش نے سوال کیا کہ بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف نے یہ سچ پہلے بھارتی شہریوں کو کیوں نہیں بتایا، پارلیمنٹ اور عوامی نمائندوں سے کیوں چھپایا ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ بھارتی فوج نے پہلی بار حالیہ جنگ میں پاک فضائیہ کے ہاتھوں لڑاکا طیاروں کی تباہی کی تصدیق کی ہے۔بھارتی چیف اف ڈیفنس اسٹاف جنرل انیل چوہان نے امریکی جریدے بلوم برگ کو انٹرویو میںتصدیق کی ہے کہ پاکستان کے ساتھ جھڑپوں میں ہم نے لڑاکا طیارے کھوئے ہیں۔ جنرل چوہان نے طیاروں کی تعداد بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ تعداد اہم نہیں، ہمارے لیے اہم یہ ہے کہ وہ گرے کیوں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات