Live Updates

اس میں کوئی 2 رائے نہیں کہ جنرل باجوہ بہت اچھے آدمی تھے، فواد چوہدری

سابق آرمی چیف کے سسر، شہباز شریف اور خواجہ آصف نے انہیں اس بات پر قائل کر لیا تھا کہ ایک ایکسٹینشن پی ٹی آئی سے لے لی ہے تو اگلی ایکسٹینشن ن لیگ سے ہی لینی ہے؛ سابق وفاقی وزیر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 2 جون 2025 10:32

اس میں کوئی 2 رائے نہیں کہ جنرل باجوہ بہت اچھے آدمی تھے، فواد چوہدری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جون 2025ء ) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی 2 رائے نہیں کہ جنرل باجوہ بہت اچھے آدمی تھے۔ صحافی ارشاد بھٹی کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان جیسے بیانیہ بنانے والے دنیا میں بہت کم لوگ ہیں، عدم اعتماد کے وقت عمران خان نے کہا کہ بات کرو کہ ہمیں 10 سے 8 دن چاہئیں اور میری اُس وقت کے ڈی جی آئی ایس آئی ندیم انجم سے بات ہوئی تو انہوں نے کہا کہ چیف کہتے ہیں تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں لیکن جنرل باجوہ نے کہا کہ ختم کرو، عدم اعتماد سے پہلے مجھے کہا گیا کہ عمران خان کو چھوڑ دیں لیکن میں نے کہا کہ عمران خان کے میرے اوپر بہت احسان ہیں، میں کوئی بہت مذہبی آدمی نہیں اور عمران خان مجھے کعبہ شریف کے اندر لے کر گئے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ اس میں کوئی 2 رائے نہیں کہ جنرل باجوہ بہت اچھے آدمی تھے لیکن ان کے سسر، شہباز شریف اور خواجہ آصف نے انہیں اس بات پر قائل کر لیا تھا کہ ایک ایکسٹینشن پی ٹی آئی سے لے لی ہے تو اگلی ایکسٹینشن ن لیگ سے ہی لینی ہے، جنرل باجوہ الیکشن کروانا چاہتے تھے، آصف زرداری اور مولانا فضل الرحمان نے نواز شریف کومنا لیا تھا کہ ہم حکومت بنائیں گے، اس وقت اگر الیکشن ہو جاتا تو ہم میرٹ پر بھی ہار جاتے اور پاکستان نارمل ہوتا۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے بتایا کہ احسن بھون اور اعظم نذیر تارڑ جسٹس اطہر من اللہ کو ملنے گئے اور جنرل باجوہ کو یہ بات پہنچائی گئی کہ عمران خان آپ کو برطرف کر دیں گے اور جسٹس اطہر من اللہ اور چیف جسٹس عمر عطا بندیل کو کہا گیا کہ اگر آپ عدالت نہیں کھولتے تو ملک میں مارشل لاء لگ جائے گا تو اس بات پر وہ لوگ اپنے بستر سے اٹھ کر عدالتوں میں پہنچ گئے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ تو حدیبیہ کے بھی حق میں ہیں وہ ساری زندگی نواز شریف کے ساتھ رہے ہیں ابھی 6 مہینے ہوئے ہیں وہ پی ٹی آئی میں آئے ہیں تو وہ نواز شریف کا ہی مؤقف دیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات