Live Updates

بلوچستان کے 2 علاقوں میں سیکیورٹی فورسزکی کارروائی‘ فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد ہلاک‘اسلحہ اور گولہ بارود برآمد

منگل 3 جون 2025 19:45

راولپنڈی ،کچھی،مارگند،اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جون2025ء)بلوچستان کے 2 علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کر کے فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد ہلاک کردیے اوران کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا۔صدرآصف علی زرداری،وزیراعظم شہبازشریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

صدر نے کہا کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔ وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ فتنہ الہندوستان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان میں امن کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا ہے جن کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کے مطابق ایک خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مچھ کے علاقے کچھی میں کارروائی کی گئی جہاں سیکیورٹی فورسز نے دشمن کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی یافتہ 5 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دوسرا انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن قلات کے علاقے مارگند میں کیا گیا جہاں فتنہ الہندوستان کے ایک ٹھکانے کو تباہ کیا گیا جبکہ 2دہشتگرد بھی مارے گئے۔

ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ دہشت گرد مختلف دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث رہے تھے، بھارتی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کے مجرموں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا، پاکستان کے سیکیورٹی ادارے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان میں 2 مختلف کارروائیوں میں فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گرد جہنم واصل کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ایک بیان میں انٹیلیجنس پر مبنی کاروائیوں کے دوران بھارتی پراکسی کے 9 دہشت گردوں کا قلع قمع کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہاہے اور کہا ہے کہ بھارت اپنی پراکسی کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے، دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز کی کاروائیاں جاری رہیں گی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز فتنہ الہندوستان کے خاتمے کے لیے کاروائیاں کر رہی ہیں،دہشت گرد عناصر کے خاتمے، ملکی دفاع کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل رہے گا، صدر مملکت نے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کا اظہار کیا۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے مچھ اور مورگند، بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پزیرائی.اور فتنہ الہندوستان کے 7 دھشتگردوں کو جہنم رسید کرنے پر سیکیورٹی فورسز کے افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعریف کی ہے۔

ایک بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔بھارتی سرپرستی میں بلوچستان میں دھشتگردی پھیلانے والے فتنہ الہندوستان کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہاہے ۔

محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگردوں کو جہنم واصل کرکے بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں بیرونی پشت پناہی سے بلوچستان میں بدامنی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کا مکمل صفایا کر کے بلوچستان میں امن کے لئے ہر حد تک جائیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات