Live Updates

پاکستان کا تقریباً انیس ٹریلین کا بجٹ، عوام کے لیے بھی کچھ ہے؟

DW ڈی ڈبلیو منگل 3 جون 2025 20:40

پاکستان کا تقریباً انیس ٹریلین کا بجٹ، عوام کے لیے بھی کچھ ہے؟

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 03 جون 2025ء) اطلاعات کے مطابق پاکستان نے آئندہ مالی سال 2025-26 کے بجٹ کے لیے تقریباً 19 کھرب روپے کی رقم مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔ جبکہ عوام ہمیشہ کی طرح کسی ریلیف کے شدت سے منتظر ہیں، معاشی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایک ایسے ملک میں جو آئی ایم ایف پر انحصار کرتا ہو، ریلیف کی کوئی امید نہیں رکھی جا سکتی کیونکہ زیادہ تر پالیسیاں آئی ایم ایف کے زیر اثر بنتی ہیں جو عام آدمی کی زندگی مزید مشکل بنائیں گی۔

پاکستان میں اکثر یہ قیاس آرائیاں کی جاتی ہیں کہ سب سے زیادہ بجٹ دفاعی شعبے میں استعمال ہوتا ہے، تاہم سرکاری اعداد و شمار کچھ مختلف تصویر پیش کرتے ہیں۔ آدھے سے زائد بجٹ یعنی 9 کھرب روپے سے زائد کی رقم صرف سود کی ادائیگیوں میں چلی جائے گی۔

(جاری ہے)

بجٹ کا دوسرا بڑا حصہ دفاع ہے جس کے لیے آنے والے بجٹ میں 2.5 کھرب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ جاری مالی سال میں یہ رقم تقریباً 2.1 کھرب روپے تھی۔

حکومت نے نہ صرف اس سال ترقیاتی بجٹ کو کم کر کے 1 کھرب روپے کرنے کی تجویز دی ہے، جو گزشتہ سال 1.4 کھرب تھا، بلکہ وفاقی تعلیم اور ہائر ایجوکیشن کمیشن کے بجٹ میں بھی بالترتیب 27 فیصد اور 32 فیصد کی نمایاں کٹوتی تجویز کی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ راستہ ملک کو مزید انحصار کی طرف لے جائے گا اور عوام یا معیشت کے لیے کسی بہتری کا باعث نہیں بنے گا۔

معروف ماہرِ معیشت ڈاکٹر اشفاق حسن کا کہنا ہے کہ تعلیمی بجٹ میں کمی کا مطلب ہے کہ ملک کو بیرونی ماہرین پر انحصار کرنا پڑے گا، ’’جب حکومت اپنے لوگوں کو تعلیم نہیں دے گی تو ہر معاملے میں غیر ملکی کنسلٹنٹس کی خدمات حاصل کرنا پڑیں گی۔‘‘

بجٹ کا ایک بڑا حصہ سود کی ادائیگی میں کیوں جاتا ہے؟

بجٹ میں بھاری قرض ادائیگی سے متعلق ڈاکٹر اشفاق نے کہا کہ اس کی بڑی وجہ ملک کا آئی ایم ایف پروگرام میں جانا ہے، کیونکہ آئی ایم ایف ا سٹیٹ بینک کو شرح سود بڑھانے کا کہتا ہے، جو اس وقت تقریباً 11 فیصد ہے اور یہی شرح قرضوں کی ادائیگی کا بوجھ قومی خزانے پر بڑھا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان ممالک میں جو آئی ایم ایف کے محتاج نہیں، وہاں شرح سود 5 فیصد سے بھی کم ہے۔

حکومت نے پانی اور بجلی کے شعبے کے بجٹ میں بھی 41 فیصد کمی کی تجویز دی ہے، جو پہلے 104 ارب روپے تھا۔ منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ملک کے لیے نہایت اہم پانی کے منصوبوں، جیسے دیامر بھاشا ڈیم، پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں اس منصوبے کی تکمیل میں بیس سال لگ سکتے ہیں۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ملک کے ہر کونے سے پانی کی قلت اور بجلی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے اور عوام کو ان دونوں معاملات میں ریلیف صرف اور صرف بڑے ڈیموں کی تکمیل سے ہی ممکن ہے کیونکہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سب سے سستی بجلی صرف پانی کے ذریعے بنائی جاتی ہے۔

اس مشکل وقت میں بھی بہرحال حکومت نے پچاس ارب روپے پارلیمنٹیرینز کی اسکیموں کے لیے پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے پروگرام کے تحت برقرار رکھنے کی تجویز دی ہے۔ کچھ ماہرین کا یہ بھی ماننا ہے کہ پاکستان میں بجٹ کی ترجیحات کا محور معاشی ترقی کی بجائے سیاسی وقتی مفادات ہوتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ بجٹ مناسب غور و فکر کے بغیر اور قومی مفاد کو مدنظر رکھے بغیر بنایا جاتا ہے۔

پاکستان کے معروف ماہرِ معیشت اور پبلک پالیسی کے ماہر ندیم الحق نے ڈی ڈبلیو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ کا عوام سے کوئی تعلق نہیں، ''حتیٰ کہ ترقیاتی منصوبے بھی عوام کے لیے نہیں بلکہ سیاسی مقاصد کے حصول کے لیے ہوتے ہیں۔‘‘

ان کا کہنا تھا کہ عوام اب سول سرونٹس کی عیاشیوں کا بوجھ نہیں اٹھا سکتے، لیکن حکومت ہر کام کر رہی ہے سوائے اس کے کہ ان 'بابوؤں‘ کے غیر ضروری اور پرتعیش اخراجات میں کمی لائے۔ انہوں نے کہا، ’’مجھے تو یہ بھی سمجھ نہیں آتی کہ اب بڑے ڈیم کی کتنی ضرورت ہے، چھوٹے ڈیم بھی ایک حل ہو سکتے ہیں، لیکن جس رفتار سے کام ہو رہا ہے، دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں تیس سال لگ جائیں گے۔‘‘

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات