بلاول بھٹو کی وفد کے فرانسیسی مندوب جیروم بونافوں سے ملاقات،بھارتی جارجیت سے آگاہ کیا

سندھ طاس معاہدے کی بحالی ، پاک بھارت جامع مذاکرات کے آغاز کیلئے فرانس اپنا کردار ادا کرے،پاکستان سفارتی مشن بھارت خطے میں یکطرفہ حملوں کو نیا معمول بنانے کی کوشش کر رہا ،ایٹمی خطے جنوبی ایشیا میں نہایت سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں،بریفنگ

منگل 3 جون 2025 22:45

نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جون2025ء)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے فرانس سے اپیل کی ہے کہ جنگ بندی کے تسلسل کو یقینی بنانے، سندھ طاس معاہدے کی بحالی اور پاک بھارت جامع مذاکرات کے آغاز کیلئے آپ اپنا کردار ادا کرے۔تفصیلا ت کے مطابق نیو یارک میں پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ و چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وفد کے ہمراہ اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر میں فرانس کے مستقل مندوب جیروم بونافوں سے ملاقات کی ۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے روس، چین اور امریکا کے بعد سلامتی کونسل کے چوتھے اہم رکن فرانس کے سامنے پاکستان کا مقدمہ رکھ دیا، انہوں نے اقوامِ متحدہ میں فرانس کے مستقل مندوب جیروم بونافوں کو بھارتی جارحیت سے متعلق بریفنگ دی اور کہا کہ پہلگام حملے کا الزام بغیر کسی معتبر تحقیقات یا ثبوت کے پاکستان پر عائد کرنا نہایت سنگین نتائج کا باعث بنا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستانی شہریوں پر یک طرفہ فوجی حملے کیے اور شہری انفرااسٹرکچر کو نقصان پہنچایا، بھارت نے سندھ طاس معاہدے کو معطل کر کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی، پاکستان کا موقف بین الاقوامی قوانین اور اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے اصولوں پر مبنی ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بھارت خطے میں یک طرفہ حملوں کو نیا معمول بنانے کی کوشش کر رہا ہے، جس کے ایٹمی خطے جنوبی ایشیا میں نہایت سنگین اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے فرانسیسی سفیر کو بتایا کہ سب سے زیادہ دہشت گرد حملے پاکستان میں ہو رہے ہیں اور پاکستان خود دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے، پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہے، دہشت گردی جیسے سنگین مسئلے کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے۔بلاول بھٹو نے فرانس سے اپیل کی کہ جنگ بندی کے تسلسل کو یقینی بنانے، سندھ طاس معاہدے کی بحالی اور پاک بھارت جامع مذاکرات کے آغاز کیلئے آپ اپنا کردار ادا کریں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کیلئے بین الاقوامی قوانین کے احترام اور تمام تنازعات خصوصا مسئلہ جموں و کشمیر کا پرامن حل ناگزیر ہے۔بلاول بھٹو سے گفتگو میں فرانسیسی مستقبل مندوب نے خطے میں استحکام اور بات چیت کی حمایت کے اپنے موقف کا اعادہ کیا۔