Live Updates

بلاول کی خطے میں دہشتگردی کیخلاف آئی ایس آئی اور را کے مل کر کام کرنے کی تجویز

جنوبی ایشیاء کے ڈیڑھ ارب لوگوں کے مستقبل کو غیرریاستی عناصر اور انتہا پسندوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑنا چاہیئے، خطرات کم کرنے کیلئے مل کر کام کرنا ہوگا؛ سربراہ پاکستانی سفارتی مشن کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی بدھ 4 جون 2025 15:48

بلاول کی خطے میں دہشتگردی کیخلاف آئی ایس آئی اور را کے مل کر کام کرنے ..
نیو یارک ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 جون 2025ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے تجویز دی ہے کہ آئی ایس آئی اور را خطے میں دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کریں۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان کے سابق وزیر خارجہ اور سفارتی مشن کے سربراہ بلاول بھٹو زرداری نے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان تعاون پر زور دیتے ہوئے تجویز دی ہے کہ دونوں ممالک کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو خطے میں دہشت گردی کے خطرات کو نمایاں طور پر کم کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیئے۔

اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کے ڈیڑھ ارب لوگوں کے مستقبل کو غیر ریاستی عناصر اور انتہا پسندوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑنا چاہیئے، پاکستان اب بھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھارت کے ساتھ تعاون کرنے کو تیار ہے، اگر آئی ایس آئی اور را ایک ساتھ بیٹھیں تو دہشت گردی میں نمایاں کمی آسکتی ہے لیکن بدقسمتی سے بھارت اسرائیلی حکومت کے نقش قدم پر چل رہا ہے اور بھارت ہر وہ چیز کی نقل کر رہا ہے جو غلط ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹو زرداری نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ امن کے لیے مداخلت کرے کیوں کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ رہی ہے، مودی کے بیانات قابل مذمت ہیں کوئی بھی عالمی رہنما اس انداز میں بات نہیں کرتا، ان کے ریمارکس کمزوری اور مایوسی کی عکاسی کرتے ہیں، اس وقت دنیا میں ہر کوئی سپر پاور ہے، امن کے تحفظ کے لیے ہر ذمہ دار ملک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے، دنیا میں امن سب کے مفاد میں ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کا نقصان سب کو ہوتا ہے۔

سابق وزیر خارجہ نے اندرون ملک دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ہم نے اپنی سرحدوں کے اندر دہشتگردی کے خلاف بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ایسی تنظیموں کے لیے کوئی جگہ نہیں ہونی چاہیئے اور دہشت گرد تنظیموں کو ایک بار پھر شکست دیں گے، تاہم افغانستان میں امریکہ کی طرف سے چھوڑے گئے ہتھیاروں کے بے قابو پھیلاؤ نے خطے میں عدم استحکام کو ہوا دی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور کوئی پاکستانی کبھی بھی بھارت کے خلاف دہشت گردی کی حمایت نہیں کرے گا، ہم ہندوستان میں بھی دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کرتے ہیں، ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ نقصان اٹھایا ہے، ایک ملک مذاکرات کی دعوت دے رہا ہے تو دوسرا پانی بند کرنے کی دھمکی دے رہا ہے، بھارت عالمی برادری کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے، اگر بھارت اپنے جارحانہ عزائم کو پورا کرنا چاہتا ہے تو اسے کوشش کرنے دیں، ہم تیار ہیں، ہماری مسلح افواج پہلے کی طرح فیصلہ کن انداز میں جواب دیں گی۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھارت کے اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے والا بھارت ہے پاکستان نہیں، پانی کی کمی سے بہت زیادہ نقصان ہوتا ہے، بھارت اس معاہدے پر نیک نیتی سے عمل درآمد کرنے پر اخلاقی طور پر مجبور ہوگا، کون سا ملک پانی کے معاملے پر بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے گا اور صحیح مؤقف اختیار کرے گا؟ ہم پاکستانی مؤقف پیش کر رہے ہیں، ہمارا مقصد بھارت کو پانی کے مسائل اور دہشت گردی دونوں پر بات چیت میں شامل کرنا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات