سندھ رینجرز اور پولیس کی مشترکہ کارروائی انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر گرفتار

ملزم محمد دانش عرف کالا عرف لاڑانے نیو کراچی کے علاقے نالہ سٹاپ پر سیاسی جماعت کے ورکر کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا

جمعہ 6 جون 2025 17:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء) پاکستان رینجرز (سندھ)اور ڈسٹرکٹ سینٹرل کراچی پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرمشترکہ چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے نیوکراچی سے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر، بھتہ خور، ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث ملزم محمد دانش عرف کالا عرف لاڑا کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزم کے قبضے سے وارداتوں میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمدکرلیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر ملزم کی موجودگی پر چھاپہ مار کارروائی عمل میں لائی گئی۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ 2013میں نیو کراچی کے علاقے نالہ سٹاپ پر سیاسی جماعت کے ورکر کو قتل کرنے اور اکتوبر 2023میں حیدر آباد کے علاقے پرنس علی روڈ پر محمد حنیف کو قتل کرنے میں ملوث ہے۔

(جاری ہے)

ملزم نے یکم مارچ 2022کو ا پنے ساتھی اجمل کے ساتھ مل کر اپنے مخالف بھتہ خور سلمان نامی شخص کو نیو کراچی سرجانی ٹاؤن سے اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیاتھا۔

ملزم نے مزید انکشاف کیا ہے کہ وہ کراچی اور اسلام آباد میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔گرفتار ملزم نیو کراچی کے علاقے میں کاروباری لوگوں کواسلحہ کے زور پر ڈرادھمکا کر بھتہ وصول کرنے میں بھی ملوث رہا ہے اور بدنام زمانہ بھتہ خور عبدالصمد سے بھی رابطے میں تھا۔ ملزم اس سے پہلے متعدد بار گرفتار ہوکر جیل جا چکا ہے اور ملزم مختلف کیسز میں کراچی اور حیدرآباد پولیس کو مطلوب تھا۔

گرفتار ملزم کو بمعہ اسلحہ مزید قانونی کاروائی کے لئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔