Live Updates

گورنر پنجاب نے عید الاضحی کی نماز اپنے آبائی گائوں میں ادا کی، ایوان صدر میں صدر زرداری سے ملاقات ، عید کی مبارکباد دی

بجٹ میںعام آدمی اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا جائے گا،ٹیکس بڑھانے کی نہیں بلکہ ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرنیکی ضرورت ہے‘ سردار سلیم حیدر

پیر 9 جون 2025 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے عید الاضحی کی نماز اپنے آبائی گائوں ڈھرنال، تحصیل فتح جنگ، ضلع اٹک میں ادا کی ۔ نمازِعید کی ادایگی کے بعد ملکِ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے دعا مانگی گئی۔ اس موقع ہر کشمیر ی اور فلسطینی مسلمانوں کی آزادی کے لئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔

نمازِ عید کی ادائیگی کے بعد گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان مقامی افراد میں گھل مِل گئے اوران کوعیدکی مبارکباددی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے عید کے دوسرے روز سنت ابراہیمی ادا کی۔انہوں نے خود قصائی کے ساتھ مل کر گائے کی قربانی کی اور لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ عید الاضحی کے موقع پر معاشرے میں مستحق اور سفید پوش افراد کا خیال رکھا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں سنت ابراہیمی ادا کرنے کے ساتھ ساتھ آپس کی نفرتیں ختم کر کے اللہ کے حکم پر عمل پیرا ہونا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو کی قیادت میں پاکستانی سفارتی وفد کامیابی سے دنیا میں پاکستان کی آواز بلند کرنا قابل تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح بلاول بھٹو سفارتی محاذ پر پاکستان کا دفاع کر رہے ہیں وہ دن دور نہیں جس دن بلاول بھٹو ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔

بعد ازاں،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو ڈھرنال ضلع اٹک میں کھلی کچہری کے دوران وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیلی فون پرعید کی مبارکباد دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔گورنرپنجاب نے کھلی کچہری میں آئے لوگوں سے سپیکر آن کر کے وزیراعظم کی بات بھی کروائی۔گورنر سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ہم بلاول بھٹو اور وزیراعظم کی قیادت میں متحد ہیں۔

وزیراعظم نے گورنر سردار سلیم حیدر خان کی پنجاب میں جمہوری نظام کے فروغ اور بطور آئینی سربراہ کارکردگی کو سراہا۔قبل ازیں گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے صدر مملکت آصف زرداری سے بھی ایوان صدر میں ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے صدر مملکت کو عید کی مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے گورنر سردار سلیم حیدر خان کی پنجاب میں پیپلزپارٹی کو متحرک اور مضبوط کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

علاوہ ازیں گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے سدھریال ضلع اٹک میں کیٹل فارم ہائوس کا افتتاح کیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ اٹک شہر بیل،گائے کی خوبصورتی کی وجہ سے پہچانا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجود دور میں کیٹل فارم ایک صنعت کا درجہ اختیار کر چکا ہے اور حکومت کو اس پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ آئندہ بجٹ میںعام آدمی اور تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس کا بوجھ کم کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ٹیکس بڑھانے کی نہیں بلکہ ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرنے کی ضرورت ہے۔گورنرپنجاب نے کہا کہ پاک فوج کی بدولت آج پاکستان میں صنعت، کاروبار اور سرمایہ کاروں کو سازگار ماحول میسر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت کی خاطر تمام سیاسی جماعتیں ایک ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی کے بعد بھارت اگلے کئی سالوں تک پاکستان کے ساتھ جنگ کرنے کی جرات نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ وہ اپنے سپہ سالار کے ساتھ کھڑے ہوئے۔ گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ صرف بلاول بھٹو زرداری نے انٹرنیشنل میڈیا پر پاکستان کا مقدمہ لڑا۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنا تن من دھن سب پاک فوج کو دینے کے لئے تیار ہیں۔گورنرپنجاب نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور کشمیر سمیت تمام مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات