Live Updates

پاکستان پیپلز پارٹی حیدرآباد نے وفاقی بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا

بدھ 11 جون 2025 22:54

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد کے ترجمان احسان ابڑو نے وفاقی بجٹ کو عوام دشمن بجٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے اور کہا ہے کہ اس بجٹ کے ذریعے میاں شہباز شریف اینڈ کمپنی نے اپنی ہی حکومت پہ خودکش حملہ کردیا ہے۔ وفاقی بجٹ سے پہلے حکومت نے اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ سمیت اراکین اسیمبلی اور سینیٹ کی تنخواہوں میں کئی سو گنا اضافہ کرکے اپنی ترجیحات کا اشارہ دے دیا تھا مگر بجٹ کے اعلان کے بعد اندازہ ہوا کہ ان کی ترجیحات اندازوں سے بھی زیادہ مہلک ہیں، بجٹ میں سوائے آٹے اور دالوں کی قیمتوں میں کمی، کمپیوٹرز سمیت مخصوص الیکٹرانک آلات، اسلحے کی قیمتوں میں کمی کرکے ملک کے 24 کروڑ غریبوں سے بھونڈا مذاق کیا ہے، تنخواہوں میں دس فیصد اور پینشن میں سات اضافہ پہلے سے ہی مہنگائی کی چکی میں پستے ہوئے سرکاری ملازمین کے ساتھ دھوکے کے مترادف ہے، سولر پینلز مہنگے کرکے عوام کے لیئے سستی بجلی کے حصول کو مشکل بنا دیا گیا، کپڑے، خشک دودھ، یہاں تک کہ کتوں بلیوں کی خوراک کی قیمتوں میں اضافہ کرکے ن لیگ حکومت عذاب الٰہی کو دعوت دے رہی ہے۔

(جاری ہے)

اس بجٹ میں سندھ کے ساتھ امتیازی رویہ رو رکھا گیا ہے جس کی مثال سیکڑوں ارب روپے کے حیدرآباد سکھر موٹر وے منصوبے کے لیئے صرف 15 ارب روپے مختص کرنا ہے۔ وفاقی حکومت نے پنجاب کے لیئے ترقیاتی منصوبوں میں اضافہ جبکہ سندھ کے ترقیاتی منصوبوں میں کمی کرکے سندھ سے اپنی روایتی دشمنی کا کھلا اظہار کیا ہے۔ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فائدے کو لیوی مسلسل بڑھا کر عوام کو اس سے محروم کردیا گیا ہے۔

میاں شہباز شریف حکومت اس وقت عوام دشمن حکومت کا کردار ادا کر رہی ہے جو اس بجٹ سے بلکل واضح ہے، بینکوں میں عوام کے اپنی رقوم نکلوانے پر ٹیکس کی شرح ایک فیصد کرنے کا فیصلہ انتہائی ظالمانہ ہے، آن لائن کاروبار کے ذریعے ہزاروں غریب پاکستانی بھی اپنی روزی روٹی کا بندوبست کرتے ہیں لیکن اس پہ بھی ٹیکس لگا کر اس کاروبار کی حوصلہ شکنی کی جارہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے ترجمان نے اپنی قیادت سے اپیل کی ہے کہ وفاقی حکومت سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30 سے 50 فیصد اضافے کا مطالبہ کرے جبکہ چھوٹی گاڑیوں، سولر پینلز سمیت اشیاء خوردونوش، عام گھریلو الیکٹرونک اشیاء کی قیمتوں میں کمی، مجوزہ پیٹرولیم لیوی میں اضافے کو واپس لینے کا مطالبہ کریں، مہنگائی کی چکی میں پسے ہوئے طبقات کو فوری اور سستا رلیف مہا کرے۔ پیپلز پارٹی ضلع حیدرآباد نے وفاقی بجٹ کو غریب مٹاؤ بجٹ قرار دیا ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات