پاکستان میں خوشخبریوں کا موسم ہے،حکومتی پالیسیوں سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے ،وزیر اطلاعات پنجاب

جمعرات 12 جون 2025 00:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جو لوگ پاکستان کے دیوالیہ ہونے کے خواب دیکھ رہے تھے، وہ آج بھی قوم کو ملنے والی کسی خوشخبری پر خوش نہیں۔ حالیہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دیا گیا ہے لیکن کچھ عناصر چاہتے تھے کہ پاکستان سری لنکا بن جائے اور آئی ایم ایف سے معاہدہ نہ ہو۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف واحد جماعت ہے جسے ملکی ترقی اور بہتری برداشت نہیں، گزشتہ ایک سال میں پنجاب حکومت نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جو ان لوگوں کو ہضم نہیں ہو رہیں۔

بجٹ کے دن قومی اسمبلی کا منظر سب نے دیکھا، جہاں پی ٹی آئی نے ایوان کو مچھلی بازار میں تبدیل کر دیا۔ ان کا طرزِ عمل ہمیشہ سے یہی رہا ہے: نہ خود کچھ کرنا ہے، نہ دوسروں کو کرنے دینا ہے۔

(جاری ہے)

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو بھرپور ریلیف فراہم کیا ہے۔ ٹیکس کا بوجھ کم ہوا، جس پر وزیراعظم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ وفاقی حکومت نے ایک متوازن اور عوام دوست بجٹ پیش کیا۔

ڈی جی پی آر میں وزیرِ بلدیات کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خوشخبریوں کا موسم ہے۔حکومتی پالیسیوں سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے اور اسٹاک ایکسچینج مسلسل نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے۔عید کے دوران پنجاب بھر میں بہترین صفائی انتظامات پر عوام نے وزیراعلیٰ کو دعائیں دیں تاہم کچھ عناصر کو اس میں بھی تکلیف ہوئی۔

وزیر ریلوے حنیف عباسی نے وزیراعلیٰ سے ملاقات میں خواہش ظاہر کی کہ پنجاب حکومت ہمارے صفائی کے امور میں بھی مدد فراہم کرے۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ کچھ لوگ پارلیمنٹیرینز کی تنخواہوں پر اعتراض کرتے ہیں، مگر یہ ذکر نہیں کرتے کہ وزیراعظم اور وزیرِ خزانہ تنخواہیں نہیں لیتے۔ عوام کو یہ بھی جاننا چاہیے کہ پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں آخری بار کب اضافہ ہوا تھا۔

ہم جیسے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے بھی سیاست کرتے ہیں، تو کیا ہمیں بھی سیاست کے ساتھ کاروبار شروع کر دینا چاہیے؟انہوں نے کہا کہ سمبڑیال میں عبرتناک شکست کے بعد گوہر ایوب نے مو قف اختیار کیا کہ انہوں نے تو کمپین ہی نہیں چلائی۔حقیقت یہ ہے کہ یہ لوگ اور ان کے یوٹیوبر صرف شور مچانے میں ماہر ہیں، میدانِ عمل میں ان کا کوئی وجود نہیں۔

اس موقع پر وزیرِ بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ عید کے تین دنوں کے دوران پنجاب بھر میں صفائی کے مثالی انتظامات کیے گئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے چار دن مسلسل تمام امور کی خود نگرانی کی۔ صرف تین دنوں میں 3لاکھ 15ہزار 669آلائشیں ٹھکانے لگائی گئیں۔انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں دس روز کے لیے مویشی منڈیاں قائم کی گئیں جن کے لیے مثالی انتظامات کیے گئے۔ موصول ہونے والی بارہ ہزار شکایات کا بروقت ازالہ کیا گیا۔ صفائی کے نظام کو آو ٹ سورس کرنے پر ابتدا میں تنقید ہوئی، لیکن ہم نے ان کمپنیوں کو نوٹسز جاری کیے جن سے شکایات موصول ہوئیں کہ وہ ملازمین کو تنخواہیں نہیں دے رہیں۔