Live Updates

چیئرمین سینیٹ، سپیکر یا ارکان کی تنخواہوں میں اضافہ حقیقت پسندانہ انداز میں دیکھا جائے، احسن اقبال

کئی اداروں کے ماتحت افراد سربراہ سے زائد پیسے لے رہے ہیں، پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو ہمیں مالی گنجائش، ٹیکس آمدنی اور برآمدات چاہیئے؛ وفاقی وزیر کا پریس کانفرنس میں مؤقف

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 12 جون 2025 16:32

چیئرمین سینیٹ، سپیکر یا ارکان کی تنخواہوں میں اضافہ حقیقت پسندانہ ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون 2025ء ) مسلم لیگ ن کے رہنماء اور وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ یا اراکین کی تنخواہوں میں اضافے کو حقیقت پسندانہ ہو کر دیکھنا ہوگا، پاکستان نے ترقی کرنی ہے تو ہمیں مالی گنجائش، ٹیکس آمدنی اور برآمدات چاہیئے۔ پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے مؤقف اپنایا کہ کئی اداروں کے ماتحت افراد سربراہ سے زائد پیسے لے رہے ہیں، ہمیں اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ اور ارکان کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملے کہ حقیقت پسندانہ انداز میں دیکھنا چاہیئے۔

اسلام آباد میں وفاقی ترقیاتی بجٹ کے حوالے سے احسن اقبال نے کہا کہ گزشتہ حکومت میں پاکستان اندرونی طور پر دیوالیہ ہوگیا تھا، تباہ کن سیلاب سے معیشت کو اربوں ڈالر کو نقصان پہنچا، پی ڈی ایم حکومت نے چارج سنبھالا تو لوگوں کا خیال تھا 4 سے 6 ہفتے کی بات ہے مگر وزیراعظم شہبازشریف نے دلیرانہ قیادت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیاسی طور پر غیر مقبول اور معاشی طور پر ناگزیر اقدامات کیے، ان اقدامات کے نتیجے میں حکومت نے سیاسی سرمایہ گنوایا مگر معیشت کو بحال کیا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی معیشت میں بارودی سرنگیں بچھا کر گئی تھی، پی ٹی آئی نے 4 سالوں میں کوئی بڑے منصوبہ شروع نہیں کیا، ہم آج بھی پی ٹی آئی دور کی بارودی سرنگیں صاف کر رہے ہیں، یکم اپریل 2022ء کو وزارت خزانہ نے ترقیاتی بجٹ کی آخری قسط جاری کرنے سے انکار کیا تھا، ملکی تاریخ میں پہلی بار یہ سانحہ ہوا، پی ڈی ایم حکومت نے چارج سنبھالا تو ہمیں 2022ء کے سیلاب کی صورت میں تاریخی تباہی کا سامنا کرنا پڑا، ملکی معیشت کو 30 ارب ڈالر کا جھٹکا لگا لیکن ہم نے سارا سال ڈیولپمنٹ بجٹ کی فنڈنگ جاری رکھی۔

احسن اقبال کہتے ہیں کہ اگر کوئی آئی ایم ایف پروگرام بند کرانا چاہتا ہے تو ایک بھارت ہے یا پھر پی ٹی آئی ہے، آرمی چیف کو دورہ امریکہ کی دعوت پر ایک طرف بھارتی میڈیا اور سیاستدانوں کو مرچیں اور آگ لگی ہوئی ہے تو دوسری طرف پی ٹی آئی کو آگ لگی ہوئی ہے اور وہ 14 تاریخ کو آرمی چیف کے دورے کے خلاف احتجاج کی کال دے رہے ہیں، آپ بھارت کی زبان بول رہے ہیں اور بھارت کی پراکسی بنے ہوئے ہیں، آپ کو شرم آنی چاہیئے، آپ کس منہ سے ہم پر تنقید کرتے ہیں، اپنے گریبان میں دیکھیں، پاکستانی قوم اس فریب کے پردے سے نکل چکی ہے اب آپ کی باتوں پر کسی کو یقین نہیں ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات