Live Updates

عالمی برادری کو انسانی حقوق، امن، آزادیوں ،مساوات کو مقدم رکھنا ہوگا، جنگیں انسانی حقوق کا قتل اور آزادیوں کا گلا گھونٹتی ہیں‘ملک احمد خان

جمعہ 13 جون 2025 21:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو انسانی حقوق، امن، آزادیوں اور مساوات کو مقدم رکھنا ہوگا کیونکہ جنگیں انسانی حقوق کا قتل اور آزادیوں کا گلا گھونٹتی ہیں۔وہ ’’پاکستان میں محفوظ اور جامع میڈیا: مواقع، چیلنجز اور مستقبل کا لائحہ عمل‘‘کے موضوع پر ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اسپیکر ملک محمد احمد خان نے غزہ کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خاندانوں کے خاندان شہید ہو چکے، اسکول اور اسپتال تباہ ہو چکے اور خوراک کا شدید بحران پیدا ہو چکا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری کے دوہرے معیار پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب اسرائیل حملہ کرتا ہے تو اسے دفاع کہا جاتا ہے اور جب فلسطینی اپنے دفاع میں کھڑے ہوتے ہیں تو انہیں دہشتگرد قرار دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر ملک محمد احمد خان نے پاک بھارت تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی میڈیا نے جنگی جنون کو ہوا دی اور یہ بھی نہیں سوچا کہ دونوں ممالک ایٹمی قوت ہیں۔ اگر جنگ چھڑ جاتی تو اس کے سنگین نتائج برآمد ہوتے۔ انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ کے اس وقت کے کردار کو قابل ستائش قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ جب ڈی جی آئی ایس پی آر جنگ کے دوران اطلاعات فراہم کر رہے تھے کہ جہلم سے ’’را‘‘کے سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا، اور کلبھوشن یادیو نے امام بارگاہوں، اسکولوں اور مساجد میں دہشت گردی کے لیے رقوم تقسیم کیں، تب ہم پر پلوامہ حملے کا الزام لگا دیا گیا۔

تاہم، پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، جس میں سیاسی اور عسکری قیادت نے غیرمعمولی دانشمندی کا مظاہرہ کیا۔مصنوعی ذہانت (AI) پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ اے آئی کی ہراسمنٹ کو روکنے اور اس کے اخلاقی استعمال کو یقینی بنانے کے لیے عالمی سطح پر مؤثر قانون سازی ناگزیر ہو چکی ہے۔ اگر اے آئی کو غیر منظم چھوڑا گیا تو اس کے نتائج انتہائی خطرناک ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی کو مکمل طور پر ریگولیٹ کرنا شاید ممکن نہ ہو، لیکن اس کے منفی پہلوؤں کا سدباب ہر صورت ضروری ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات