ہمارے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات زر ہمیشہ ہماری قومی معیشت کی بنیاد رہا ہے،وزیراعظم

ہمیں اپنے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، ترقیاتی شراکت داروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے عہد کی تجدید کرنی چاہیے، شہبازشریف کا بیان

اتوار 15 جون 2025 21:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2025ء)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمارے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات زر ہمیشہ ہماری قومی معیشت کی بنیاد رہا ہے،ہمیں اپنے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، ترقیاتی شراکت داروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے عہد کی تجدید کرنی چاہیے۔خاندانی ترسیلات کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہاکہ ہم بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر خاندانی ترسیلات زر کا عالمی دن منا رہے ہیں،اس دن ہم تارکین وطن کی معیشت میں اہم شراکت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی محنت سے کمائی ہوئی ترسیلات زر کے ذریعے لاکھوں خاندانوں کو ترقی دی اور اپنے آبائی ممالک میں ترقی کی راہ ہموار کی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ ہمارے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی طرف سے ترسیلات زر ہمیشہ ہماری قومی معیشت کی بنیاد رہا ہے۔ 9 ملین سے زائد پاکستانی بیرون ملک، خاص طور پر خلیج، یورپ، شمالی امریکہ اور دیگر جگہوں، پرمقیم ہیں،ہمارا بیرون ملک پاکستانی اپنی جڑوں سے گہرے طور پر وابستہ ہے، ان کی مالی عطیات نہ صرف اپنے خاندانوں کے لئے محبت اور ذمہ داری کا اظہار ہیں بلکہ پاکستان کی معاشی ترقی کا ایک طاقتور ستون بھی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ اس موقع پر ہم اپنی عالمی پاکستانی کمیونٹی کو تہہ دل سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں،ان کی ترسیلات ان کے اپنے وطن کے ساتھ ایک پائیدار رشتے کی عکاسی کرتی ہیں جو کہ اعتماد، اور عزم ذمہ داری پر مبنی ہے ۔انہوںنے کہاکہ حکومت پاکستان براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور طویل مدتی اقتصادی استحکام کو یقینی بنانے کے لیے اپنی برآمدات کی بنیاد کو بڑھانے کے لیے انتھک محنت جاری رکھے ہوئے ہے، اس سفر میں ترسیلات زر نے ہمارے زرمبادلہ کے ذخائر کو نمایاں طور پر مضبوط کرتے ہوئے ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ موجودہ مالی سال میں، ہمارے بیرون ملک مقیم ہم وطنوں نے ریکارڈ 34.9 بلین ڈالر بھیجے ہیں، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 28.8 فیصد زیادہ ہیں جبکہ مئی 2025 میں 3.7 بلین ڈالر موصول ہوئے،جس میں گزشتہ سال مئی کے مقابلے میں 13.7 فیصد دیکھا گیا،یہ مثبت اشاریے نہ صرف ہمارے تارکین وطن کی محنت اور وفاداری کا ثبوت ہیں بلکہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر ان کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا بھی ثبوت ہیں۔

یہ اعتماد ہماری معیشت کی بحالی اور نمو کے لیے کوششوں کو دوگنا کرنے کے ہمارے عزم کو تقویت دیتا ہے۔انہوںنے کہاکہ آئیے ہم اپنے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں، ترقیاتی شراکت داروں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مل کر کام کرنے کے اپنے عہد کی تجدید کریں تا کہ ہم اپنے معاشی چیلنجوں پر قابو پا سکیں اور سرمایہ کاری، خوشحالی اور قومی ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو۔