ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب سے تباہ حال انفراسٹرکچر بحال کیا جائے، رکن قومی اسمبلی فتح اللہ کا قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال

بدھ 18 جون 2025 13:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی فتح اللہ نے کہا ہے کہ حکومت ڈیرہ اسماعیل خان کے سیلاب زدگان کو اعلان کردہ رقوم کی فی الفور فراہمی یقینی بنائے، ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب سے تباہ ہونے والے انفراسٹرکچر کو بحال کیا جائے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت کا مقابلہ پوری امت مسلمہ کو مل کر کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج، ایئر فورس اور پاک بحریہ کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امت مسلمہ، کشمیر اور پاکستان کا مقدمہ عالمی برادری کے سامنے بڑے موثر انداز میں پیش کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں بلاول بھٹو زرداری پاکستان آ رہے ہیں ،ان کا بھرپور استقبال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون نے برطانیہ جا کر کشمیر کا مقدمہ موثر انداز میں پیش کیا ہے، جب سے وہ کشمیر کمیٹی کے چیئرمین بنے ہیں پوری دنیا میں کشمیر کا مسئلہ اجاگر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کے بغیر زندگی گزارنا مشکل ہے، میرے حلقے میں بیشتر آبادی پانی کی سہولت سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سیلاب میں ہمارے ضلع کا سارا انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے، مگر حکومت کی طرف سے لوگوں کو گھروں کی تعمیر کے لئے اعلان کردہ رقوم فراہم نہیں کی گئیں وہ بے یار و مددگار ہیں۔

انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ان کے علاقے میں بے یارو مددگار سیلاب زدگان کی فی الفور مدد کی جائے۔انہوں نے کہا کہ میرا حلقہ ایک پسماندہ علاقہ ہے وہاں پر لیفٹ کینال منصوبے کے لئے صرف 10 کروڑ روپے مختص کئےگئے ہیں جو نہ ہونے کے برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میرے حلقے کے مسائل حل نہ ہوئے تو میرے لیے اس بجٹ کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔