Live Updates

غاصب صہیونیوں کی حمایت پر تاریخ ڈونلڈ ٹرمپ کو چنگیز خان اور ہٹلر کیساتھ کھڑا کرے گی‘سعد رفیق

صدر ٹرمپ اگر چاہتے ہیں کہ امریکہ کو ایک عظیم ریاست کے طور پر تسلیم کیا جائے تو انہیں انصاف کا دوہرا معیار ترک کرکے مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا،امریکی پالیسی میکرز جان لیں انہوں نے روش نہ بدلی تو چین اور روس کا مشترکہ بلاک، متبادل آپشن کے طور پر موجود ہے

ہفتہ 21 جون 2025 16:55

غاصب صہیونیوں کی حمایت پر تاریخ ڈونلڈ ٹرمپ کو چنگیز خان اور ہٹلر کیساتھ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ امن کے عالمی چمپئن کے طور پر پہچانے جانے کے لیے نوبیل انعام جیتنا اہم نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ اگر غاصب صہیونیوں کی حمایت جاری رکھیں گے تو تاریخ ہمیشہ انہیں اور ان کے ساتھیوں کو چنگیز خان اور ہٹلر کے کٹہرے میں کھڑا کرے گی۔

انہوں نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو نوبل امن انعام 2026کے لیے نامزد کرنے کی سفارش کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے مختلف پیغامات میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ اگر چاہتے ہیں کہ امریکا کو ایک عظیم ریاست کے طور پر تسلیم کیا جائے تو انہیں انصاف کا دوہرا معیار ترک کرکے مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔

(جاری ہے)

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ امریکی قیادت کو مذہب، نسل اور خطے سے بالا تر ہو کر ہر قسم کی جارحیت اور دہشت گردی کو روکنا چاہیے، خدا نے صدر ٹرمپ کو دوسرا موقع دیا ہے، خواہ وہ غاصب بنے یا سیاست دان، یہ سب اب ان کے اپنے ہاتھ میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امن کے عالمی چیمپیئن کے طور پر پہچانے جانے کے لیے نوبیل انعام جیتنا اہم نہیں، ڈونلڈ ٹرمپ اگر غاصب صہیونیوں کی حمایت جاری رکھیں گے تو تاریخ ہمیشہ انہیں اور ان کے ساتھیوں کو چنگیز خان اور ہٹلر کے کٹہرے میں کھڑا کرے گی۔انہوں نے ایران کے خلاف اسرائیل کی جارحیت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صیہونیت شیطانی لشکر ہے، اس کا ہر سہولت کار اور آلہ کار انسانیت، امن اور انصاف کا دشمن ہے۔

انہوں نے مزید لکھا کہ غزہ اور ایران پر جارحیت مسلط کرنے اور اس کی سرپرستی کرنیوالے صرف مذمت اور مزاحمت کے حقدار ہیں۔اسرائیل امت مسلمہ کے قلب میں گھونپا گیا خنجر ہے، امریکہ کی گود میں بیٹھ کر یہ خنجر ہمیں بار بار گھونپا جارہا ہے۔رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ صہیونیت کا آلہ کار بنے رہنے تک امریکہ، مغرب اور عالم اسلام کے تعلقات معمول پر نہیں آسکتے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکی اور مغربی پالیسی میکرز اچھی طرح جان لیں کہ اگر انہوں نے اپنی روش نہ بدلی تو چاہیے مزید کچھ وقت اور لگ جائے، چین اور روس کا مشترکہ بلاک، متبادل آپشن کے طور پر موجود ہے ۔ انہوں نے اپنی اور پوسٹ میں لکھا کہ پہلوی خاندان کی باقیات کو #ایران پر مسلط کرنے کا #امریکی_صیہونی منصوبہ بری طرح ناکام ہوگا۔رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ جسے چارہ ڈال رہے ہیں، وہ کھائے گا بھی اور دولتی بھی مارے گا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات