Live Updates

جعلی مینڈیٹ سے آئی حکومت نے معیشت تباہ کر دی، عوام مہنگائی میں پس چکے ہیں، حلیم عادل شیخ

ہفتہ 21 جون 2025 20:12

جعلی مینڈیٹ سے آئی حکومت نے معیشت تباہ کر دی، عوام مہنگائی میں پس چکے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)پاکستان تحریکِ انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے مینڈیٹ کے ساتھ کھلواڑ کر کے ایک شکست خوردہ مداری کو اقتدار میں بٹھا دیا گیا، جبکہ عوام کے منتخب کردہ وزیر اعظم عمران خان کو جیل میں ڈال دیا گیا ہے جو پوری قوم کے ساتھ زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 181 نشستیں جیتنے والے لیڈر کو جیل میں قید کر دیا گیا، جبکہ صرف 18 نشستوں والی جماعت کو وزارتِ عظمی سونپ دی گئی، جو پاکستانی عوام کے ووٹوں کی توہین اور جمہوریت پر حملے کے مترادف ہے۔حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ فارم 47 کی پیداوار جعلی حکومتوں نے ملک کو دیوالیہ کر دیا ہے۔ معیشت تباہ ہو چکی ہے، ملک صرف بجلی اور گیس کے بلوں سے چلایا جا رہا ہے، جبکہ عوام پر پٹرولیم مصنوعات، بجلی، گیس پر بھاری ٹیکس لگا کر لوٹ مار کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت نے عوام کو مہنگائی کے بوجھ تلے کچل کر رکھ دیا ہے۔ جعلی حکمرانوں کی وجہ سے ملک کی نصف آبادی غربت کی لکیر سے نیچے جاچکی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے کبھی کرپشن نہیں کی، وہ ملک و قوم کے لیے حقیقی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ ان پر تمام جھوٹے کیسز بنائے ہیں، عدلیہ کو کمزور اور حکمرانوں کے تابع کر کے انصاف کا جنازہ نکالا گیا ہے عمران خان کی رہائی ملک کی ترقی، جمہوریت کی بقا اور سیاسی استحکام کے لیے ناگزیر ہے عوام عمران خان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

بین الاقوامی معاملات پر بات کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے اسرائیل کو ناجائز ریاست قرار دیا اور کہا کہ پوری امت مسلمہ کو اس ظلم و جارحیت کے خلاف متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے ایران کی بہادری اور جرت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ایرانی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات