شہید بی بی کا ویژن آج بھی مشعلِ راہ ہے، رہنمائی لے کر جمہوریت مضبوط کریں گے، صدر زرداری

ہفتہ 21 جون 2025 21:10

شہید بی بی کا ویژن آج بھی مشعلِ راہ ہے، رہنمائی لے کر جمہوریت مضبوط ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جون2025ء)صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ شہید بی بی کا وڑن آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے، اس سے رہنمائی لے کر جمہوریت مضبوط کریں گے۔سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر جاری پیغام میں صدر مملکت آصف علی زرداری نے اٴْن کی قومی خدمات اور عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت، انسانی وقار اور خواتین کے حقوق کے لیے جو ناقابل فراموش جدوجہد کی، وہ آج بھی تاریخ کا روشن باب ہے۔انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے آمریت کے خلاف جر?ت اور استقامت کے ساتھ مزاحمت کی اور ملک میں جمہوریت کی بحالی کے لیے چلنے والی تحریکوں کی قیادت کی۔

(جاری ہے)

وہ قانون کی حکمرانی اور آئین کی بالادستی پر مکمل یقین رکھتی تھیں۔

ان کا وڑن، قربانیاں اور عوام سے گہری وابستگی پاکستان پیپلز پارٹی کی اجتماعی میراث ہیں۔صدر زرداری کا کہنا تھا کہ شہید بی بی ہمیشہ خواتین کی سماجی اور معاشی خودمختاری کی علمبردار رہیں۔ وہ پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کی آواز بن کر ابھریں اور ایک پرامن، خوشحال اور جمہوری پاکستان کی خواہاں تھیں۔ ان کی اصولی سیاست آج بھی ایک منصفانہ اور جمہوری معاشرے کے قیام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہم محترمہ بینظیر بھٹو کے وڑن سے رہنمائی لیتے ہوئے نہ صرف جمہوریت کو مستحکم کریں گے بلکہ ہر شہری کے بنیادی حقوق کا تحفظ بھی یقینی بنائیں گے۔