Live Updates

مظلوموں کی آواز، شرجیل میمن کا شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو سالگرہ کے موقعے پر خراج عقیدت

شہید بی بی پہلی منتخب خاتون وزیرِاعظم، مظلوموں، غریبوں، خواتین، اور نوجوانوں کی آواز تھیں، سینئر صوبائی وزیر سندھ

ہفتہ 21 جون 2025 22:33

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جون2025ء)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے شہید محترمہ بینظیر بھٹو کو سالگرہ کے موقعے پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پہلی منتخب خاتون وزیرِاعظم، جمہوریت کی علمبردار، مظلوموں، غریبوں، خواتین، اور نوجوانوں کی آواز تھیں۔اپنے ایک بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بی بی نے اپنی پوری زندگی پاکستان کے عوام کے حقوق کے لیے وقف کردی۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان کا دفاع شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کی قابل تحسین کاوشوں سے ناقابل تسخیر ہے، شہید بھٹو نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا، شہید بی بی نے پاکستان کو میزائیل ٹیکنالوجی دی، شہید بی بی کی قیادت، قربانیاں اور ویژن آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ نے ہمیشہ آئین، جمہوریت، انسانی حقوق، اور اظہارِ رائے کی آزادی کا پرچم بلند رکھا، شہید بی بی نے آمریت کے خلاف جمہوری جنگ لڑی، قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں، جلاوطنی اختیار کی، لیکن اپنے اصولوں پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ شہید بی بی نے پاکستان میں پہلی بار خواتین کے لئے الگ پولیس اسٹیشنز قائم کئے، فرسٹ ویمن بینک کا قیام عمل میں لائیں، خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے شہید بی بی نے لیڈی ہیلتھ ورکرز کا پروگرام متعارف کروایا۔انہوںنے کہا کہ بینظیر بھٹو شہید نے اپنے دورِ حکومت میں کسانوں کے لیے کئی اہم اور انقلابی اقدامات کیے، زرعی قرضوں کی فراہمی کو آسان بنایا، کسانوں کے لئے کھاد اور معیاری بیجوں پر سبسڈی دی، اور جدید زرعی مشینری جیسے ٹریکٹر اور تھریشر کے لیے مالی معاونت فراہم کی۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ دیہی خواتین کسانوں کے لیے تعلیم، صحت اور مالی امداد کے پروگرام شہید بی بی نے شروع کیے، شدید خطرات اور جان کے خدشات کے باوجود شہید بی بی پاکستان واپس آئیں، کیونکہ وہ جانتی تھیں کہ ان کی قوم، خاص طور پر کسان اور مزدور، انہیں پکار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج بھی پاکستان پیپلز پارٹی شہید بی بی کی ہی اصولوں پر کاربند ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری انہی جمہوری نظریات کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم سب پر لازم ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو کے مشن کو جاری رکھیں اور مساوات، انصاف، تعلیم، صحت، اور روزگار کے مواقع سب کے لیے یکساں بنانے کی جدوجہد کو تیز کریں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات