Live Updates

پشاور، گورنرہاوس میں معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص کی عظیم فتح کی مناسبت سے پروقارتقریب کا انعقاد

اتوار 22 جون 2025 16:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جون2025ء) گورنرہاوس پشاورمیں معرکہ حق، آپریشن بنیان مرصوص کی عظیم فتح کی مناسبت سے پروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا ۔گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی تقریب کے میزبان تھے۔ ڈیجیٹل میڈیا فرم میکزم کے اشتراک سے منعقدہ تقریب میں سابق گورنراقبال ظفرجھگڑا، انجنیئرشوکت اللہ، اپوزیشن لیڈرڈاکٹرعباداللہ، قومی وطن پارٹی کے صوبائی صدر سکندر حیات شیرپاؤ، ایرانی قونصل جنرل علی بنفشہ خواہ،اراکین صوبائی اسمبلی،ملک بھرسے سینئرٹی وی اینکرز، سوشل میڈیا انفلونسرز، میڈیا پرسنز سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات شریک تھے۔

تقریب میں گورنرخیبر پختونخوا نے بھارتی جارحیت میں ذمہ دارانہ صحافت پرسینئراینکرزپرسنز، میڈیا پرسنزکو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے خصوصی طورپر مدعو کیا اورانہیں ایوارڈز پیش کئے۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنرنے کہا کہ انکے لئے یہ اعزاز کی بات ہے کہ آج انہوں نے اپنی اورخیبرپختونخوا کے عوام کے جانب سے گورنرہاؤس میں اس پروقار تقریب کی میزبانی کی، آج کی تقریب اپنی مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے منعقد کی گئی ہے۔

گورنر نے کہا کہ ملک بھرسے آنیوالے معززمہمانوں کا گورنر ہاؤس تقریب میں شرکت پرمشکورہوں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت ہمارے لئے ایک امتحان تھا، افواجِ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپوراورمنہ توڑ جواب دے کر ایک تاریخی مثال قائم کی، تمام پاکستانیوں اورامت مسلمہ کو پاک فوج پرفخرہے۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سفارتی وفد نے کامیابی سے اپنے ملک کا موقف پیش کیا، پہلی مرتبہ پاکستانی فیلڈ مارشل کی امریکی صدرنے مہمان نوازی کی جو ہماری سب سے بڑی سفارتی کامیابی ہے، یہ کامیابی نہ صرف عسکری بلکہ سفارتی میدان میں بھی پاکستان کی فتح ہے۔

گورنر نے کہا کہ ہم کسی کو بھی سرزمینِ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی اجازت نہیں دیں گے، معرکہ حق میں صوبہ کی سیاسی جماعتوں کے قائدین کے مثبت کردارکی مثال نہیں ملتی۔گورنرنے کہا کہ ہمارے میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کر کے عالمی دنیا کو بہترین پیغام دیا، بھارتی جارحیت کیخلاف شاندار فتح پوری قوم کے اتحاد کی بدولت ممکن ہوئی، خیبرپختونخوا کی عوام کا بھی مشکور ہوں جو بھارتی جارحیت کیخلاف پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔ گورنر نے کہا کہ اسرائیلی حملہ کیخلاف ایرانی حکومت و ایرانی عوام کیساتھ کھڑے ہیں، باطل کیخلاف فتح ہمیشہ حق کی ہوتی ہے اور ایران ضرورفتح سے ہمکنار ہوگا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات