Live Updates

قائد عوام شہید بینظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ تقریب کا انعقاد

شہید بینظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ امت مسلمہ کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز رکھتی ہیں،چوہدری شبیر

پیر 23 جون 2025 21:05

برمنگھم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2025ء)سابق وزیراعظم پاکستان دختر مشرق قائد عوام شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ تقریب کا انعقاد پاکستان پیپلزپارٹی برمنگھم/مڈلینڈ نے کیا سالگرہ تقریب کی صدارت راجہ قیوم،سٹیج سیکرٹری کے فرائض ارشاد عزیز نے سرانجام دیئے سالگرہ تقریب کے میزبان فخر ڈڈیال وسینئر نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی برمنگھم برطانیہ چوہدری محمد شبیر اور سینئر رہنما پیپلزپارٹی منظور گافا تھے جبکہ مہمان خصوصی سابق وزیر اوقاف ومرکزی نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزاد جموں وکشمیر محمد افسر شاہد ایڈووکیٹ تھے سالگرہ کی تقریب سے پاکستان پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں اور کارکنان جن میں چوہدری امین،ناہید مغل،چوہدری عارف،چوہدری مجید،راجہ پرویز،صدر پیپلزپارٹی خواتین ونگ برطانیہ انجم جرال نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں چوہدری فرید ملکنیال،حاجی برکت موہڑہ کنیال،نادر جٹ، حاجی غلام قادر اور وحید مراد،محمد مالک اختر عباسی،محمد اشرف نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد افسر شاہد ایڈووکیٹ نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ عالم اسلام کی پہلی منتخب خاتون وزیر اعظم تھیں، جنہوں نے مشکل ترین حالات میں بھی عوامی خدمت اور جمہوری اقدار کا علم بلند رکھا محترمہ بینظیر بھٹو نے تعلیم،صحت، خواتین کی فلاح و بہبود اور دفاعی نظام میں انقلابی اصلاحات کیں ان کا مشن آج چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری اور خاتون اول محترمہ آصفہ بھٹو زرداری کے ذریعے آگے بڑھ رہا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے آمرانہ دور میں ظلم کا مقابلہ کیا، جیلوں کی صعوبتیں جھیلیں، لیکن جمہوریت کی جنگ لڑتی رہیں اور اپنے عظیم والد شہید ذوالفقار علی بھٹو کے مشن کو آگے بڑھایا، پاکستان پیپلز پارٹی شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن اور احد کے مطابق عوامی خدمت جاری رکھے گی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فخر ڈڈیال سینئر نائب صدر پاکستان پیپلزپارٹی برمنگھم برطانیہ چوہدری محمد شبیر نے کہا کہ شہید بینظیر بھٹو نہ صرف پاکستان بلکہ امت مسلمہ کی پہلی منتخب خاتون وزیراعظم ہونے کا اعزاز رکھتی ہیں بلکہ وہ ایک ایسے جمہوری وژن کی علمبردار تھیں جس نے پاکستان کی سیاست کو ایک نئی سمت عطا کی۔

ان کی جدوجہد صرف اقتدار کیلئے نہیں بلکہ عوام کے حقوق، آئین کی بالادستی اور ایک روشن پرامن پاکستان کیلئے تھی۔مقررین نے کہا کہ بی بی شہید نے آمریت کے سائے میں جمہوریت کے چراغ جلائے،خواتین کو بااختیار بنایا،نوجوانوں کو سوچنے اور سوال کرنے کا ہنر دیا اور محروم طبقات کو طاقت اور پہچان عطا کی۔ہر کارکن پر لازم ہے کہ اس جدوجہد کو آگے بڑھائے اور شہید محترمہ کے خوابوں کے پاکستان کی تکمیل میں اپنا کردار ادا کرے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات