Live Updates

بدقسمتی سے پنجاب کا نظام کئی سالوں تک معاشی طور پر مفلوج رہا مگر مریم نواز کی قیادت میں اسکی بحالی کا آغاز ہوا‘مریم اورنگزیب

موجودہ حکومت کا بجٹ صرف کاغذوں کی حد تک نہیں بلکہ عملی کارکردگی کا عکاس ہے، حکومت نے تین ہزار نئے منصوبے دیئے ہیں ڈونر لون کا ماڈل تبدیل کرکے 5. 2 فیصد تک لایا گیا ،ڈیٹ پیمنٹ میں 90 فیصد کمی ،19 اضلاع میں زیرو ٹیکس ماڈل کے تحت کام جاری ہے

منگل 24 جون 2025 21:27

بدقسمتی سے پنجاب کا نظام کئی سالوں تک معاشی طور پر مفلوج رہا مگر مریم ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے پنجاب اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے موجودہ حکومت کی شاندار کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح کے لیے کی جانے والی کوششوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اپنے خطاب کے آغاز میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ جو خطے کی صورتحال تھی، اللہ کا شکر ہے کہ تمام معاملات پرامن طریقے سے طے پائے۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور ان کی پوری ٹیم کی دانشمندانہ قیادت اور ذمہ داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان حکومت نے تاریخ ساز طرز عمل اختیار کیا ہے جسے تاریخ ہمیشہ یاد رکھے گی۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ دشمن کی بزدلانہ جارحیت کا جس جرات، یکجہتی اور معرکہ حق کے جذبے کے ساتھ جواب دیا گیا، وہ پوری قوم اور افواج پاکستان کی بہادری کی عظیم مثال ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاک فوج کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ قومی اتحاد اور قربانی کی لازوال داستان ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی اس چیلنجنگ صورتحال میں بھرپور قیادت اور کردار ادا کیا۔اپنے خطاب میں مریم اورنگزیب نے حکومت کی ایک سالہ کارکردگی کا تفصیلی جائزہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف کی انتھک محنت، شفافیت، بہترین طرز حکمرانی اور میرٹ پر کام کی جو روایت تھی، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے اسے مزید تابناک بنا دیا ہے۔

بدقسمتی سے پنجاب کا نظام کئی سالوں تک معاشی طور پر مفلوج رہا مگر مریم نواز کی قیادت میں اس کی بحالی کا آغاز ہوا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ موجودہ حکومت کا بجٹ صرف کاغذوں کی حد تک نہیں بلکہ عملی کارکردگی کا عکاس ہے۔ گزشتہ سال 840 ارب روپے کے ترقیاتی بجٹ میں اضافہ کرتے ہوئے اس سال 1280 ارب روپے کا پنجاب کی تاریخ کا سب سے بڑا ترقیاتی بجٹ پیش کیا گیا ہے۔

حکومت نے تین ہزار نئے منصوبے دیے ہیں، جبکہ ڈونر لون کا ماڈل تبدیل کرکے 5. 2 فیصد تک لایا گیا ہے اور ڈیٹ پیمنٹ میں 90 فیصد کمی ہوئی ہے۔ پنجاب کے 19 اضلاع میں زیرو ٹیکس ماڈل کے تحت کام جاری ہے۔مریم اورنگزیب نے بتایا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے میں اس سال 140 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ 40 ارب روپے سے تمام مسنگ سہولیات کو تعلیمی اداروں میں مکمل کیا جائے گا۔

مریم نواز نے سب سے زیادہ توجہ ہائر ایجوکیشن، پرائمری ایجوکیشن، لٹریسی اور اسکل ڈیویلپمنٹ پر مرکوز رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری لیپ ٹاپ اسکیم کا مذاق اڑایا گیا تھا، لیکن آج ہم نے ساڑھے چار سال بعد طلباء کو ان کا حق واپس کیا ہے اور 77 ہزار سے زائد بچوں کو سکالرشپ فراہم کر دی گئی ہے۔ پہلی مرتبہ پنجاب بھر میں جدید آئی ٹی لیبز قائم کی گئی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی، شمالی اور سنٹرل پنجاب میں بچوں کی صحت کے لیے اسکول میل پروگرام شروع کیا گیا ہے۔ کسانوں کے لیے حکومت نے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں، ایک لاکھ چھے ہزار کسانوں کو کسان کارڈ کے ذریعے مالی فوائد دیے جا چکے ہیں، اور نو ہزار پانچ سو گرین ٹریکٹرز فراہم کیے گئے ہیں۔ ایگری کلچر مالز بنائے جا رہے ہیں، ای-میکانائزیشن اور زرعی مشینری کے فروغ پر بھی کام جاری ہے۔

کسانوں کے لیے بیجوں اور زراعت کی تحقیق و ترقی میں سرمایہ کاری کی جا رہی ہے، جبکہ پانی کے تحفظ کے لیے 30 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔ فصل انشورنس اسکیم متعارف کرائی گئی ہے اور لائیوسٹاک کی بیماریوں کے لیے 5 ارب روپے کی خصوصی رقم رکھی گئی ہے۔ماحولیاتی تحفظ کے حوالے سے بھی حکومت نے تاریخی اقدامات کیے ہیں۔ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت گھروں سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کا منظم نظام قائم کیا گیا ہے۔

رمضان پیکج دہلیز پر عزت اور وقار کے ساتھ پہنچایا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا سروس ڈیلیوری پیکج پورے پنجاب میں متحرک ہے۔ 25 ہزار مشینوں اور ایک لاکھ ورکرز کے ذریعے پنجاب کے تمام علاقے صاف کیے جا رہے ہیں۔حکومت پنجاب مثالی دیہات کے منصوبے پر بھی کام کر رہی ہے جس کے تحت صاف پانی، پکی گلیاں، سینیٹیشن اور ڈرینج کی سہولیات مہیا کی جا رہی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ ڈیڑھ سال میں جنگلات، فشریز اور وائلڈ لائف کے شعبے میں جو کام ہوا ہے، اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ بڑے شہروں میں ایئر کوالٹی انڈیکس مانیٹرنگ زونز قائم کیے جا چکے ہیں اور مزید شہروں میں یہ نظام بڑھایا جا رہا ہے۔ 360 میٹرک ٹن پلاسٹک ضبط کیا جا چکا ہے اور گاڑیوں کے اخراج پر کنٹرول کے لیے 1,25,000 گاڑیوں کا معائنہ کیا جا چکا ہے۔

پنجاب کی پہلی کلائمٹ آبزرویٹری قائم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنگلات کی جغرافیائی میپنگ اور فائیر کنٹرول فورس بین الاقوامی معیار کے مطابق بنائی گئی ہے۔ چھانگا مانگا کو ایکو ٹورازم کا مرکز بنایا جا رہا ہے، بہاولپور میں نیا چڑیا گھر تعمیر کیا جا رہا ہے اور فشریز کے شعبے میں ملکی تاریخ کی سب سے بڑی جھینگے کی فصل حاصل کی جا رہی ہے۔

فشریز میں پانچ ہزار ایکڑ پر پیداوار کا منصوبہ ہے اور 40 ہزار ایکڑ پر وسعت دی جائے گی۔ کسانوں کے لیے ایکوا کلچر مالز، ہیچریز، فیڈ اور سیڈ کا مکمل مقامی سسٹم دیا جائے گا۔سیاحت کے فروغ کے لیے 160 سائٹس کی میپنگ کی گئی ہے جن میں سے 60 پر ترقیاتی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ عوامی صحت حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے 180 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پنجاب بھر میں 2800 ڈی ایچ کیو میں سے 1300 مکمل ہو چکے ہیں اور کلینک ان ویلز دیہی و شہری علاقوں میں فعال ہیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ پنجاب کرائم کنٹرول سسٹم کو مضبوط بنایا جا رہا ہے اور اس سال پورے پنجاب میں تحصیل لیول پر سیف سٹی پروجیکٹس شروع کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی دعائیں ہی وزیر اعلیٰ مریم نواز کو دن رات کام کرنے کی طاقت دے رہی ہیں۔ پنجاب کی ای-ٹینڈرنگ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے اور حکومت نے 60 ارب روپے کی بچت کی ہے۔ ہم نے ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا اور ترقی کی راہ پر ڈالا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب دن رات ترقی کی منازل طے کرتا رہے گا اور عوام کی خدمت کا سفر پوری لگن سے جاری رہے گا۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات