جنگ رکوانے کے نام پر ووٹ لینے والاٹرمپ جنگی جرائم کا مرتکب ہورہا ہے، چودھری محمد جعفراقبال

منگل 24 جون 2025 22:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جون2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے سنیئر رہنما وسابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی و سینیٹر چودھری محمد جعفراقبال اوررکن صوبائی اسمبلی بیگم عشرت اشرف نے جاری اپنے مشترکہ بیان میں کہاہے کہ امریکی صدر ٹرمپ جنگ رکوانے کے نام پر ووٹ لینے والا ٹرمپ جنگی جرائم کا مرتکب ہورہاہے اورتمام بین الاقوامی قوانین،اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف وزری کرتے ہوئے تمام عالمی اداروں کو روندتے ہوئے مسلم امہ پر حملہ آور ہے، امریکی کانگریس سے اجازت لئے بغیر ایران پر حملہ کرنے پر امریکی سینیٹر اور سیاسدان مذمت کررہے ہیں کہ ٹرمپ نے آئین کی پامالی کرتے ہوئے حملہ کیا ہے لہذاٹرمپ کا مواخذہ ضروری ہے، اسرائیل نے سفاتکاری میں غداری کرتے ہوئے امریکہ کی شہ پر ایران پر حملہ آو ر ہواہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ امریکہ کا ایران کی جوہری تنصیبات کا حملہ خطے کو جنگ زدہ کرنے کی سازش ہے ،ایک طرف امریکہ مسلمانوں کے خلاف نیا محاذ کھول رہا ہے تو دوسری طرف اسرائیل مسلسل نہتے فلسطینی عوام کے انسانی حقوق پامل کرکے نسل کشی کے تمام حربے استعمال کررہاہے،غزہ میں غذائی قلت، پانی کی عدم فراہمی، ادویات ،دودھ کی قلت اور اسرائیل کا امدادی سامان کیلئے رفح کی سرحد کانہ کھولاجاناجنگی جرائم کی بدترین مثالیں ہیں۔

مسلم لیگی رہنما چودھری جعفراقبال و عشرت اشرف نے مزید کہاکہ اقوام متحدہ بے بس ادارہ بن چکاہے جو صرف مسلم ممالک کے خلاف کارروائی کرتاآ رہاہے ایسامحسوس ہوتاہے کہ عالمی عدالت اقوام متحدہ اور فیٹیف جیسے ادارے صرف مسلمانوں کو کمزورکرنے کیلئے کام کرتے ہیں جس کی مثال شام،افغانستان،عراق ،یمن اور دیگر مسلم ممالک ہیں جن میں اقوام متحدہ نے طاقت کے استعمال سے گریز نہیں کیا، فلسطین اور کشمیر میں مسلسل مسلمانوں کی نسل کشی پر اقوام متحدہ اسرائیل اور بھارت کے خلاف کارروائی کرنے کے بجائے بے بسی کا مظاہرہ کررہاہے۔