Live Updates

حکومت اور فیلڈ مارشل کو چاہیے کہ بلوچستان اور کے پی کے میں بدامنی کے خاتمے کو اپنی ترجیحات میں شامل کریں

معدنیات اور قدرتی ذخائر پر مقامی لوگوں کے حق کو تسلیم کرتے ہوئے انہیں جائز حقوق دیئے جائیں، حکومت آئین میں موجود صوبوں کے حقوق کی ادائیگی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے، نائب امیرجماعت اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 25 جون 2025 19:37

حکومت اور فیلڈ مارشل کو چاہیے کہ بلوچستان اور کے پی کے میں بدامنی کے ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 25 جون 2025ء ) ملی یکجہتی کونسل خیبرپختونخوا کے صوبائی کونسل کا اہم اجلاس جماعت اسلامی کے صوبائی ہیڈکوارٹر مرکز اسلامی پشاور میں مرکزی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل پاکستان لیاقت بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا اجلاس میں صوبائی صدر عبدالواسع،جنرل سیکرٹری سیدنورالحسنین گیلانی، جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکرٹری صابرحسین اعوان،جے یو پی کے اویس احمد قادری ایڈوکیٹ، اسلامی تحریک کے مرتضی عابدی،جماعت اہلحدیث کے ادریس خلیل، ملی مسلم لیگ کے سمیع اللہ،البصیرہ کے محمد قاسم، جمعیت اتحادالعلماء سیسابق رکن قومی اسمبلی مولانا عبد الاکبر چترالی، مولانا ہدایت اللہ، مولانا تسلیم اقبال سمیت دیگر قائدین نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک سے فرقہ واریت اور مسلکی اختلافات کے خاتمے کے لئے گراس روٹ لیول پر مذہبی ہم آہنگی پیداکرنے کے لئے ملی یکجہتی کونسل کے دائرہ کارکو مذید پھلایا جائے گا اورصوبے کے بعد ڈویژنل سطح پر بھی ملی یکجہتی کونسل کی تنظیم سازی کیجائے گی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حالیہ پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی کامیابی اور ایران اسرائیل جنگ میں اسرائیل سمیت امریکہ کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر 27جون بروز جمعہ ملک بھر میں یوم الفتح کے طور پر منایا جائے گا اس دن علمائے کرام جمعہ کے روز منبر ومحراب سے امریکہ،بھارت،اسرائیل مردہ باد اور پاکستان فلسطین ایران زندہ باد کے موضوع پر خطبات دے گے۔

اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے سیکرٹری جنرل و نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ اور فلسطین میں اسرائیل نے گزشتہ دو سالوں سے بے گناہ بچوں،خواتین اور نہتے عوام کو وحشیانہ بمباری سے شہید کرکے عملا انسانیت کو ملیامیٹ کرنے کی شرمناک جنگ مسلط کی ہے جس کے جواب میں حماس نے دنیا کی جدید جنگی ہتھیاروں سے لیس اسرائیل کو ناکوں چنے چپواکر نئی تاریخ رقم کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ غزہ کے بچوں ماوں بہنوں کی لازوال قربانیوں کے بعد اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے میں بھی امریکہ کی حمایت اسرائیل کو حاصل تھی۔ امریکہ نے ایران میں رجیم چینج کی سازش تیار کی تھی۔ موساد نے حماس کی قیادت کی طرح ایران میں ٹاپ ملٹری لیڈر شپ اور ایٹمی سائنسدانوں کو نشانہ بنایا لیکن ایران نے بھی حماس کی طرح اسرائیل کا نہ صرف ڈٹ کرمقابلہ کیا بلکہ اسرائیل کو پہلی بار تل ابیب سمیت دیگر شہروں میں اپنی دفاع پر مجبور کیا۔

انہوں نے کہا کہ غزہ اور ایران پر اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں امت مسلمہ متحد ہوئی اور اب اس اتحاد کے نتیجے میں فرقہ واریت اور تعصبات پر مبنی شیعہ سنی عمارتیں بھی گر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے ہمارے حکمرانوں نے قائداعظم کے اس فرمان کو بھلا دیا تھا کہ اسرائیل یورپ کی ناجائز اولاد ہے اور گزشتہ کچھ عرصہ سے ہمارے یہاں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں ہورہی تھی لیکن طوفان القدس کے تحت اہلیان غزہ کی لازوال قربانیوں اور ایران کے جرات مندانہ وار نے ان عناصر کو بھی خاموش کردیا ہے جو اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں بھی ملی یکجہتی کونسل پرامن فضاء کو برقرار رکھنے کے لئے کوشاں ہے اور اس مقصد کے لئے مذہبی رواداری اور بھائی چارے کو فروع دینے کیلئے منبر ومحراب اور سوشل میڈیا کا مثبت استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے لوگ ایک طویل مدت سے بدامنی سے دوچار ہیں اس وقت بھی بدامنی کی لہریہاں پر موجود ہیجس نے ہماری معیشت کو شدید متاثر کیا ہے حکومت اور فیلڈ مارشل صاحب اسے بھی اپنی ترجیحات میں شامل کریں حکومت آئین میں موجود صوبوں کے حقوق کی ادائیگی کے لئے عملی اقدامات اٹھائیں معدنیات اور قدرتی ذخائر پر مقامی لوگوں کی حق کو تسلیم کرتے ہوئے حکومت صوبوں کو ان کے جائز حقوق فراہم کردے تاکہ ان کی محرومیوں کا ازالہ کیا جاسکیں اور وہ بہتر طور پر ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات