Live Updates
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع کورنگی میں پیور بلاک ، سیوریج اور سڑکوں کی بحالی کے کام کا سنگ بنیاد رکھ دیا
ضلع کورنگی میں ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے تقریباً ایک لاکھ 10ہزار رننگ فٹ سیوریج کی لائنوں کو تبدیل کریں گے،میئرکراچی
بدھ 25 جون 2025
20:30
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 جون2025ء)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے بدھ کے روز ضلع کورنگی کی یوسی25،26 اور 28 میں پیور بلاک کا کام اور یوسی30،وارڈ1 اور 2 میں سڑک کی بحالی کے کام کا سنگ بنیاد رکھ دیا، ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، سٹی کونسل میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر دل محمد، جمن دروان، منتخب نمائندے اور دیگر افراد بھی ان کے ہمراہ تھے، اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میئرکراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ضلع کورنگی میں ڈھائی ارب روپے کی لاگت سے تقریباً ایک لاکھ 10ہزار رننگ فٹ سیوریج کی لائنوں کو تبدیل کریں گے،ہم دو کام کریں گے یا تو سڑک کی کارپیٹنگ کریں گے یا پھر پیور بلاک لگا کر ان سڑکوں کی تزئین و آرائش کریں گے،26 لاکھ 48 ہزار اسکوائر فٹ استرکاری ضلع کورنگی کی گلیوں میں ہوگی،اس کے ساتھ ساتھ چھوٹی گلیوں کے دیرپا اور سڑکوں کے مسئلے کا حل نکالنے کے لئے ہم نے اسکیم میں پیور بلاک کو منظور کرلیا ہے،کورنگی میں8 لاکھ 20 ہزار 500 اسکوائر فٹ پیور بلاکس لگائے جائیں گے تاکہ چھوٹی چھوٹی گلیوں کو پختہ کیا جاسکے،ستمبر کے مہینے تک کورنگی کاز وے کا نیا برج بھی مکمل کردیا جائے گا، یلو لائن منصوبے کے تحت چار لین کے جام صادق علی برج پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اور جولائی تک اس کام کو مکمل کرکے عوام کے لئے کھول دیا جائے گا،کورنگی کاز وے اور جام صادق علی برج مکمل ہونے سے ابراہیم حیدری، کورنگی لانڈھی اور ملیر کے لوگوں کو آمدو رفت میں آسانی ہو گی، انہوں نے کہا کہ ہم نیا انڈرپاس بنا رہے ہیں تاکہ جو لوگ شاہراہ بھٹو پر جاتے ہیں ان کو قیوم آباد جانے کی ضرورت نہ ہو اور وہ سیدھے اس انٹرچینج کے ذریعے اس انڈرپاس کے ذریعے شاہراہ بھٹو آسکتے ہیں،شاہ فیصل کالونی پر ایک نیا برج بلدیہ عظمیٰ کراچی تعمیر کرنے جا رہی ہے اس برج کے کام کو بھی جلد از جلد اسی سال مکمل کرلیں گے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا منشور ہے کہ کراچی شہر کے پانی کے مسائل کو حل کرنا ہے، کے فور منصوبہ جو 260 ایم جی ڈی پانی کراچی میں لے کر آئے گا،اس کی آگمین ٹینشن کے پہلے پروجیکٹ کا سنگ بنیاد پرانی سبزی منڈی کے مقام پر رکھنے جا رہے ہیں، یہ ڈھائی ارب روپے لاگت کا منصوبہ ہے جس سے کراچی والوں کو اضافی پانی ملے گا،انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو حب ڈیم سے جو نئی کینال آرہی ہے وہ مکمل ہوجائے گی جس سے کراچی شہر میں 40 ایم جی ڈی یعنی 4 کروڑ گیلن یومیہ اضافی پانی آئے گا اور کراچی والوں کو پانی مل پائے گا،میئر کراچی نے کہا کہ گٹر باغیچے پر ستمبر کے مہینے میں پانی کی ری سائیکلنگ کا منصوبہ بھی مکمل کریں گے جس سے صنعتوں کو یہ ری سائیکلنگ کیا ہوا پانی دیں گے اور میٹھے پانی کی بچت ہوگی اور کراچی والوں کو میٹھا پانی پہنچانے میں ہم کامیاب ہوں گے،انہوں نے کہا کہ یہ سارا کام پاکستان پیپلزپارٹی کے منشور کے مطابق ہوگا، یہ سارا کام بلاول بھٹو زرداری کے جو احکامات ہیں کہ کراچی والوں کی کس طریقے سے خدمت کرنی ہے اور ان کے جو مسائل ہیں ان کو حل کرنا ہے،انہوں نے کہا کہ میئر ہو یا ڈپٹی میئر ہو ،ہماری تنظیم ہو، ہمارے یوسی چیئرمین ہوں، سٹی کونسل کے اراکین ہوں، کونسلر ہو، ہر بندہ صرف ایک نظریے کے اوپر چل رہا ہے کہ ہمیں کام کرنا ہے لوگوں کی خدمت کرنی ہے اور لوگوں کے مسائل کو حل کرنا ہے،میئر کراچی نے کہا کہ کل ہم نے کے ایم سی کا بجٹ پیش کیا اس بجٹ کے اندر ہم نے ترقیاتی کاموں کے لئے 20 ارب روپے مختص کئے ہیں اور آپ لوگوں اور کراچی والوں کی مدد سے وہ تمام کے تمام کام اسی مالی سال میں مکمل کریں گے،کراچی والوں کو پتہ چل جائے گا کہ وعدے کس نے کئے اور وعدے کس نے پورے کئے،کون آپ کے درمیان بیٹھ کر آپ کے مسائل کا حل تلاش کرسکا،میں آپ کو یقین دہانی کراتا ہوں کہ پیپلزپارٹی اپنے منشور پر اسی طریقے سے رواں دواں رہے گی، یہاں کے علاقہ مکینوں نے مجھ سے پانی کے مسائل پر بھی بات کی ہے اور میں پانی کے مسائل کے بارے میں یہاں کے مکینوں سے اتفاق کرتا ہوں، اس شہر کا سب سے بڑا مسئلہ پانی ہے،میں آپ کو اس بات کی یقین دہانی کراتا ہوں کہ پانی کا مسئلہ صرف آپ کا نہیں ہے بلکہ میرا بھی ہے اور ہم سب کا ہے،پانی آپ کا بنیادی حق ہے اور پیپلزپارٹی آپ کو یہ حق دلوا کے رہے گی۔
(جاری ہے)
انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر کام کریں گے، اس شہر کے مسائل کو حل کریں گے اور اس شہر کی رونقوں کو بحال کریں گے اورآنے والا وقت اس شہر کراچی کے لئے، اس صوبہ سندھ کے لئے اور پیارے پاکستان کے لئے مزید بہتر ہو گا۔
بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات