Live Updates

190ملین پاﺅنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ملتوی، نیب کی استدعا منظور

سماعت کی نئی تاریخ آرڈر میں درج کر دی جائے گی.قائم مقام چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کے ریمارکس کیس بنایا ہے تو آئیں کھیلیں، اپیل میں کیوں بھاگتے ہیں؟. بیرسٹر سلمان صفدر، بالکل کھیلیں گے.نیپ کے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد کا جواب

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 26 جون 2025 16:00

190ملین پاﺅنڈ کیس میں سزا معطلی کی درخواست پر سماعت ملتوی، نیب کی استدعا ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 جون ۔2025 )اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190ملین پاﺅنڈ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت ملتوی کردی گئی ، سماعت کے دوران قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر نے پی ٹی آئی وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ مجھ پر دبا ﺅڈالنا چاہتے ہیں.

کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کی سزا معطلی کی درخواستوں پر سماعت قائم مقام چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی جس میں نیب کی جانب سے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد ایڈووکیٹ اور رافع مقصود عدالت میں پیش ہوئے. اس موقع پر عمران خان کی تینوں بہنیں، وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز، فیصل جاوید سمیت پارٹی کے دیگر اہم رہنما بھی عدالت میں موجود تھے جب کہ عدالت کے باہر پی ٹی آئی کارکنوں کی بڑی تعداد نے جمع ہو کر عمران خان کی رہائی کے حق میں نعرے بازی کی اس موقع پر پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے تھے.

دورانِ سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ وہ کل ہی اس کیس میں پراسیکیوٹر مقرر ہوئے ہیں انہوں نے عدالت میں تعیناتی کا نوٹیفکیشن بھی پیش کیا اور کہا کہ یہ ایک اہم کیس ہے اور اسے سمجھنے کے لیے انہیں 4 ہفتوں کا وقت دیا جائے تاکہ وہ ریکارڈ پڑھ سکیں اور مکمل تیاری کے ساتھ عدالت میں پیش ہوں. انہوں نے کہا کہ وہ کبھی اس کیس کا حصہ نہیں رہے، اس لیے مناسب موقع دیا جانا شفافیت کے تقاضوں کے عین مطابق ہوگا عمران خان کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے موقف اختیار کیا کہ نیب کی جانب سے مسلسل التوا کی روش اپنائی جا رہی ہے نیب کے وکیل رافع مقصود نے 5 جون کو بھی کہا تھا کہ وہ بحث نہیں کریں گے یہ کیس عام نہیں بلکہ اس میں خاتون کو بھی سزا دی گئی ہے اور عدالتوں کا عمومی رویہ ہوتا ہے کہ خواتین کو سزا معطل کی جاتی ہے ہمیں اپنا کیس شروع کرنے کا موقع دیا جائے تاکہ ہم دلائل پیش کر سکیں.

بیرسٹر سلمان صفدر نے عدالت سے شکوہ کیا کہ آج کافی دنوں بعد کیس لگا ہے، پیر کو کیس مقرر کر لیں اور مجھے سنا جائے انہوں نے پراسیکیوشن کو کہا کیس بنایا ہے تو آئیں کھیلیں، اپیل میں کیوں بھاگتے ہیں؟ اس پر نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد نے جواب دیا، بالکل کھیلیں گے. نیب پراسیکیوٹر رافع مقصود نے کہاکہ اس کیس میں 14 سال کی سزا ہے لیکن ہم چاہتے ہیں کہ اسے عام کیس کی طرح ڈیل کیا جائے بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا کہ اگر آپ نے کیس بنایا ہے تو آئیں اور کھیلیں جس پر اسپیشل پراسیکیوٹر جاوید ارشد نے جواب دیا کہ بالکل کھیلیں گے سماعت کے دوران قائم مقام چیف جسٹس نے وکلا اور عدالت میں موجود دیگر افراد کو تنبیہ کی کہ وہ عدالت کے ڈیکورم کا خیال رکھیں اور عدالت پر غیر ضروری دباﺅ نہ ڈالیں.

بیرسٹر سلمان صفدر کو مخاطب کرتے ہوئے قائم مقام چیف جسٹس نے کہا کہ آپ مجھ پر پریشر ڈالنا چاہتے ہیں اس موقع پر عمران خان کی بہن علیمہ خان نے عدالتی عملے سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ جج صاحب کو کہیں ہم انتظار کر رہے ہیں، بڑی مہربانی ہو گی اگر وہ ہمیں آئندہ کی تاریخ دے دیں جس پر عدالت نے جواب دیا کہ تحریری آرڈر میں آئندہ تاریخ دی جائے گی. عدالت نے نیب کی جانب سے کیس کی تیاری کے لیے مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی عدالت نے ہدایت دی کہ آئندہ سماعت پر فریقین دلائل کا آغاز کریں�

(جاری ہے)

� نئی تاریخ تحریری فیصلے میں جاری کی جائے گی. 

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات