Live Updates

وزیردفاع کا شنگھائی تعاون تنظیم کے اصولوں اور مقاصد کے لیے پاکستان کے ثابت قدم عزم کا اعادہ

جمعرات 26 جون 2025 22:30

وزیردفاع کا شنگھائی تعاون تنظیم کے اصولوں اور مقاصد کے لیے پاکستان ..
چنگ ڈا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء)وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اصولوں اور مقاصد کے لیے پاکستان کے ثابت قدم عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اجتماعی سلامتی کی اہمیت، انسداد دہشت گردی کی مربوط کوششوں اور علاقائی روابط کو بڑھانے پر زور دیاہے۔جمعرات کو وزارت دفاع سے جاری بیان کے مطابق چین کے شہر چنگ ڈا میں منعقدہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرا دفاع کے اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستانی وفد کی قیادت کی۔

اپنے خطاب میں وزیر دفاع نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اصولوں اور مقاصد کیلئے پاکستان کے ثابت قدم عزم کا اعادہ کیا، اجتماعی سلامتی کی اہمیت، انسداد دہشت گردی کی مربوط کوششوں اور علاقائی روابط کو بڑھانے پر زور دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اپنے رکن ممالک کے درمیان بات چیت، باہمی اعتماد اور تعاون پر مبنی شراکت داری کو فروغ دے کر استحکام کیلئے ایک اہم ستون کے طور پر کام کرتا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر، شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر اور عالمی طور پر قبول شدہ بین الاقوامی قوانین پر پاکستان کی پابندی کا اعادہ کیا جن کا مقصد امن، سلامتی، اچھے ہمسایہ تعلقات اور اقوام کے درمیان تعاون کو فروغ دینا ہے۔وزیردفاع نے جاری عالمی تنازعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایران کے خلاف اسرائیل کی طرف سے کئے گئے بلا اشتعال اور غیر قانونی فوجی اقدامات کی مذمت کی۔

انہوں نے غزہ میں بڑھتے ہوئے تشدد اور انسانی بحران پر پاکستان کی گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فلسطینی شہریوں پر اسرائیل کے وحشیانہ تشدد اور لاتعداد حملوں کو روکنے اور انسانی امداد کی بلا تعطل بہا کو یقینی بنانے کے لیے مستقل جنگ بندی کے فوری نفاذ کا مطالبہ کیا۔وزیردفاع نے اس بات پر زور دیا کہ دیرپا علاقائی خوشحالی کے مشترکہ وژن کو حاصل کرنے کے لیے شنگھائی تعاون تنظیم کے فریم ورک کے تحت علاقائی روابط کو آگے بڑھانے کے لیے ایک پرامن اور مستحکم افغانستان ضروری ہے۔

دہشت گردی کے معاملے پر وزیر دفاع نے زور دیا کہ یہ ایک مشترکہ خطرہ ہے اور اس سے اجتماعی طور پر نمٹا جانا چاہیے۔ پاکستان تمام ریاستوں سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے دہشت گردی کے ذرائع سے لڑنے کے لیے بین الاقوامی برادری کی مشترکہ کوششوں کو سیاسی رنگ دینے سے باز رہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر کی پرزور مذمت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان جموں و کشمیر کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ اور غیر قانونی طور پر مقبوضہ علاقے میں دہشت گردانہ حملے کی بھی مذمت کرتا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ ہم تمام ریاستوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ان ریاستوں کے اقدامات کا محاسبہ کریں جنہوں نے پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں جعفر ایکسپریس کے طور پر دہشت گردانہ حملے کی منصوبہ بندی، مالی معاونت اور سرپرستی کی۔

وزیر دفاع نے کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ تنازعات کے حل کے لیے بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری پر بھی روشنی ڈالی اور خبردار کیا کہ حل نہ ہونے والے تنازعات عالمی امن اور سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔اس سلسلے میں انہوں نے بات چیت، ثالثی اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل پر زور دیا۔وزیردفاع نے اس موقع پرتاجکستان، ایران، قازقستان اور چین کے اپنے ہم منصبوں کے ساتھ دوطرفہ ملاقاتیں کیں، مشترکہ سیکورٹی ترجیحات اور گہرے تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔فورم میں پاکستان کی فعال شمولیت شنگھائی تعاون تنظیم کی چھتری کے تحت علاقائی استحکام اور باہمی تعاون پر مبنی کثیرالجہتی کے تعمیری کردار کے طور پر نشاندہی کرتی ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات