پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کی بات کی ، قمرزمان کائرہ

جمعرات 26 جون 2025 22:30

پیپلزپارٹی نے ہمیشہ آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کی بات کی ، قمرزمان ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جون2025ء) سینئر رہنماء پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ناقدین کو تنقید کا حق حاصل ہے ،ہم اس تنقید کو خوش آمدید کہتے ہیں،ہم سے بھی ماضی میں غلطیاں ہوئیں،لیکن ہم نے ہمیشہ سیکھنے کی کوشش کی۔جمعرات کو لاہور ہائیکورٹ بار میں پیپلز لائرز فورم لاہور ڈویژن کے زیر اہتمام سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اصل لیڈر وہ ہوتا ہے جو طویل عرصے تک لوگوں کے دلوں میں زندہ رہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لیڈروں کی پہچان یہ ہے کہ وہ مسائل کا حل لے کر آتے ہیں جبکہ حکمران صرف اقتدار کے حصول کیلئے آتے ہیں۔قمر زمان کائرہ نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کو1971 کے بعد اس وقت اقتدار دیا گیا جب ملک بدترین بحران کا شکار تھا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کی بات کی ہے اور مستقبل میں بھی ہم اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔سابق صدر سپریم کورٹ بار احسن علی بھون نے کہا کہ میں نے ایک کارکن کی حیثیت سے زندگی گزاری ہے،بعد میں کچھ لوگ ذاتی مفادات کی خاطر پارٹی چھوڑ گئے۔ذوالفقار علی بھٹو شہید نے اس ملک کو جو ورثہ دیا، وہ کسی اور کے حصے میں نہیں آیا۔