Live Updates

وزیر داخلہ سے امریکی سفیر کی ملاقات‘ خطے میں امن کیلئے پاکستانی کوششوں کی تعریف

پاکستان اہم اور قابل اعتماد دوست ہے، امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، نیٹلی بیکر

جمعہ 27 جون 2025 12:45

وزیر داخلہ سے امریکی سفیر کی ملاقات‘ خطے میں امن کیلئے پاکستانی کوششوں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جون2025ء)وزیر داخلہ محسن نقوی سے امریکی سفیر نے ملاقات کی اور خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کاوشوں کو سراہا۔پاکستان میں تعینات امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر نے وفاقی دارالحکومت میں وزیر داخلہ محسن نقوی سے اہم ملاقات کی، جس میں پاک امریکا تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی اور منشیات کی روک تھام کے حوالے سے اشتراک کار پر بھی بات چیت کی گئی۔اس موقع پر علاقائی صورتحال خصوصاً پاک بھارت تناؤ، مشرق وسطیٰ کے حالات اور حالیہ ایران اسرائیل جنگ بندی کے تناظر میں پاک فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی ملاقات پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اس موقع پر ایران اسرائیل جنگ بندی کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر معمولی قیادت، مؤثر کردار اور مخلصانہ کاوشوں کو بھرپور انداز میں سراہا۔ اُن کا کہنا تھا کہ جس طرح امریکی صدر نے پاک بھارت کشیدگی کے بعد ایران اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں مثبت کردار ادا کیا، وہ قابل تحسین ہے اور ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

محسن نقوی نے امید ظاہر کی کہ صدر ٹرمپ غزہ میں بھی جنگ بندی کرانے کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ قیام امن کے لیے امریکی صدر کے زبردست اقدامات لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان ہمیشہ سے کشمیر سمیت تمام تنازعات کے پرامن حل کا خواہاں رہا ہے اور کسی بھی ایسے اقدام کا خیر مقدم کرتا ہے جو امن کو فروغ دے۔قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے بھی ملاقات میں پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان امریکا کا ایک اہم اور قابل اعتماد دوست ہے۔ امریکا پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور خطے میں امن کے لیے اسلام آباد کی کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات