Live Updates

جنیوا،مسئلہ کشمیر کا حل علاقائی امن و استحکام کیلئے ناگزیر ہے، مقررین

مقررین کاپہلگام واقعے سمیت اس طرح کے تمام واقعات کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ

ہفتہ 28 جون 2025 15:05

جنیوا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)انٹرنیشنل ایکشن فار پیس اینڈ سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ (آئی اے پی ایس ڈی ) کے زیر اہتمام ایک سیمینار میں مقررین نے بھارت کی طرف سے رچائے جانے فالس فلیگ آپریشنوں کی مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیریوں کی جائز جدوجہد کو بدنام اور نہتے کشمیریوں پرمظالم تیز کرنے کا ایک حربہ قرار دیا ہے۔مقررین نے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور پرامن حل علاقائی امن و استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے اجلاس کے موقع پر منعقد ہونے والے اس سیمینار میں دنیا بھر سے انسانی حقوق کے کارکنوں، ماہرین تعلیم، سیاسی رہنمائوں نے شرکت کی ۔سیمینار سے جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںو کشمیر شاخ کے کنونئر غلام محمد صفی ، آزاد جموںوکشمیر کے سابق وزیر چودھری پرویز اشرف ، الطاف حسین وانی ، سید فیض نقشبندی اورسردار امجد یوسف نے خطاب کیا جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر سائرہ شاہ نے انجام دیے ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ 1995 میں چھ مغربی سیاحوں کا اغوا، 2000 کا چٹی سنگھ پورہ قتل عام، 2019 کاپلوامہ حملہ اور پہلگام کا حالیہ واقعہ بھارتی فالس فلیگ آپریشنوں کی واضح مثالیں ہیں۔ا نہوںنے کہا کہ ان تمام جھوٹے آپریشنوں کا بنیادی مقصد پاکستان پر دہشت گردہ کے بنیاد الزامات عائد کرنا ، حق پر مبنی تحریک آزادی کو بدنام کرنا اور ان آپریشنوں کی آڑ میں آزادی پسند کشمیر یوں پر مظالم تیز کرنا تھا۔

مقررین نے کہا کہ پہلگام کے حالیہ فالس فلیگ آپریشن کے نتیجے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگی صورتحال پیدا ہوئی اور بھارتی فورسز نے مقبوضہ علاقے میں ہزاروں نوجوان گرفتار کر لیے ۔انہوںنے کہا کہ بھارت نے سندھ طاس معاہد ے کو یکطرفہ طور پر مطعل کیا جبکہ بھارتی وزیر اعظم نے بہار میں تقریر کے دوران پاکستان کی طرف بہنے والے دریائوں کا پانی روکنے کی دھمکی دی جس سے دو جوہری ہتھیاروں سے لیس پڑوسیوں کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے پہگام واقعے کی تحقیقات میں تعاون کی بھی پیشکش کی لیکن بھارت نے یہ پیشکش قبول کرنے کے بجائے الزامات کا سلسلہ جاری رکھا اور جارحیت کی۔مقررین نے پہلگام واقعے سمیت اس طرح کے تمام واقعات کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا ۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات