Live Updates

میئر کراچی کا بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ، نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ

شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے تمام بلدیاتی نمائندے، عملہ اور مشینری سڑکوں پر موجود ہے اور جہاں بھی شکایات موصول ہو رہی ہیں ان پر فوری کارروائی کی جارہی ہے،بیرسٹرمرتضیٰ وہاب

ہفتہ 28 جون 2025 21:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جون2025ء)میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہریوں کو مشکلات سے بچانے کے لیے تمام بلدیاتی نمائندے، عملہ اور مشینری سڑکوں پر موجود ہے اور جہاں بھی شکایات موصول ہو رہی ہیں ان پر فوری کارروائی کی جارہی ہے، شہر کی مجموعی صورتحال قابو میں ہے، تمام ادارے بھرپور کام کر رہے ہیں اور کوشش ہے کہ شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ ہو، ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کے روز شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرنے کے موقع پر کیا، اس موقع پر واٹر کارپوریشن کے چیف آپریٹنگ آفیسر اسد اللہ خان، میونسپل کمشنر کے ایم سی افضل زیدی ، منتخب بلدیاتی نمائندے اور دیگر افسران بھی موجود تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ صبح بارش شروع ہوتے ہی شہر کے مختلف دورے پر نکل گئے تھے، حالیہ بارش کے بعد شہر کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور نکاسی آب کے کاموں کا معائنہ کیا، میئر کراچی بیر سٹر مرتضیٰ وہاب نے گلشن اقبال، کارساز، نیپا، گلستان جوہر، نرسری، صدر، گذری، گلاس ٹاور، مچھر کالونی، گرومندر، سولجر بازار، شاہراہ پاکستان، ضلع وسطی، ناگن چورنگی، گلبرگ، لندی کوتل، قلندریہ چوک، سخی حسن اور انچولی سمیت دیگر علاقوں میں نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لیا، میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے نالوں کی صفائی، ڈی واٹرنگ مشینوں اور دستی افرادی قوت کے ذریعے پانی کی نکاسی کے عمل کا مشاہدہ کیا، میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے گذری میں سیوریج کے مسائل پر فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کو اقدامات کی ہدایت دی، سخی حسن نالے میں چاکنگ پوائنٹس کو کلیئر کرنے، ناگن چورنگی اور دیگر مقامات پر پانی کے بہاؤ میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کرنے کے بھی احکامات دیئے، میئر کراچی بیر سٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ اور واٹر پوریشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور جہاں سے بھی شکایات موصول ہورہی ہیں ان کو دور کیا جارہا ہے، انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ شہری پلاسٹک کی تھیلیوں کے استعمال سے گریز کریں کیونکہ یہ نالوں کی بندش اور نکاسی آب میں رکاوٹ کا سبب بنتی ہیں، انہوں نے کہا کہ لیاری میں بجلی کی عدم فراہمی کے باعث نکاسی آب میں دشواری کا سامنا تھا مگر متعلقہ عملے نے جنریٹر کے ذریعے نکاسی کے عمل بغیر رکاوٹ کے جاری رکھا، انچولی امام بارگاہ کے اطراف صفائی ستھرائی اور سڑکوں کی استرکاری کے احکامات دیتے ہوئے انہوں نے ہدایت دی کہ تمام امام بارگاہوں اور جلوس و مجالس کے مقامات پر پانی کی نکاسی کا عمل بروقت مکمل کیا جائے، میئر کراچی نے کہا کہ شہری بارشوں کے دوران برقی آلات سے دور رہیں اور تعاون جاری رکھیں۔

Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات