Live Updates

شمالی وزیرستان اور بنوں گیریڑن میں فورسز پر حملہ بھارت اور فتنہ الخوارج کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ نکلا

سانحہ جعفر ایکسپریس میں بھی فتنہ الہندوستان کے مہرے بھارتی ہینڈلرز سے مسلسل رابطے میں رہے

پیر 30 جون 2025 16:00

شمالی وزیرستان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)شمالی وزیرستان اور بنوں گیریڑن میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ بھارت اور فتنہ الخوارج کے گٹھ جوڑ کا نتیجہ نکلا، بھارتی پراکسیز فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کی دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد سامنے آگئے۔میڈیارپورٹ کے مطابق پاکستان نے متعدد بار بھارتی ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی کو شواہد کے ساتھ بے نقاب کیا، پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے متعدد بار بھارتی دہشت گردی کے ناقابل تردید شواہد پیش کیے۔

29 اپریل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا تھا کہ بھارتی فوج کے افسران پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں، 25 اپریل کو جہلم کے قریب سیکیورٹی فورسز نے ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کیا تھا، جس کے قبضے سے دیسی ساختہ بم، ڈرون، متعدد موبائل فونز اور 10 لاکھ روپے نقد برآمد کیے گئے تھے۔

(جاری ہے)

گرفتار شخص نے بھارت میں تربیت حاصل کرنے کا اعتراف کیا، فورنزک تجزیے سے اس ملزم کے بھارتی آرمی افسران سے رابطوں کے شواہد بھی ملے تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے آگاہ کیا تھا کہ میجر سندیپ اور کئی بھارتی افسران کی ہدایت پر پنجاب اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بم نصب کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔اسی طرح سانحہ جعفر ایکسپریس میں بھی فتنہ الہندوستان کے مہرے اپنے بھارتی ہینڈلرز سے مسلسل رابطے میں رہے، را سے منسلک بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس ایک منظم انداز میں پاکستان میں دہشت گردی، فتنہ الخوراج اور فتنہ الہندوستان کے بیانیے کو پروموٹ کرتے ہیں۔

بھارت کے حاضر سروس افسر کلبھوشن یادیو کو بھی بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا، کلبھوشن نے بلوچستان میں تخریبی سرگرمیوں اور دہشت گردی میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا۔بلوچستان میں فتنہ الہندوستان کے ہتھیار ڈالنے والے دہشتگردوں کے بیانات سے بھی بھارتی دہشتگردی کے واضح ثبوت ملے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات