؁ وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی زیر صدارت سندھ لوکل گورنمنٹ کمیشن اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہائوسنگ سیل کے دو الگ الگ اجلاس

پیر 30 جون 2025 19:05

}کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2025ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی زیر صدارت پیر کے روز سندھ لوکل گورنمنٹ کمیشن اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہائوسنگ سیل کے دو علیحدہ علیحدہ اجلاس منعقد ہوئے۔ سندھ لوکل گورنمنٹ کمیشن جس کے چیئرمین بھی صوبائی وزیر سعید غنی ہیں ان کی زیر صدارت پہلے اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری وسیم شمشاد، اسپیشل سیکرٹری بخش علی مہر، ارکان عبدالرحیم سومرو، سیکرٹری قانون علی احمد بلوچ، وسیم ارسانی اور ڈی جی کمیشن ذوالفقار علی نظامانی شریک ہوئے۔

اجلاس میں ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈویلپرز (آباد) کے چیئرمین کی جانب سے ان کے ممبران بلڈرز کو کے ایم سی اور جناح ٹائون دونوں کی جانب سے ڈمپنگ میٹیریل کے چالان دئیے جانے کی شکایات پر صوبائی وزیر نے میونسپل کمیشنر کے ایم سی افضال زیدی کو ہدایات دی کہ اس معاملہ کو وہ قانون کے مطابق ٹاؤن چیئرمین کے ساتھ مل کر حل کرلیں اور جس کا دائرہ اختیار ہو اس کو اس کی جانب سے چالان دئیے جائیں اور اس پر کسی قسم کا کوئی اشیو ہو تو اس کو ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ کے ساتھ بیٹھ کر حل کرلیا جائے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ڈسٹرکٹ سکھر کے تعلقہ پنو عاقل کی یونین کونسل 16 بائی جی شریف کے چیئرمین کے خلاف وہاں کے وائس چیئرمین کی جانب سے ملازمین کو گذشتہ کئی ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ کئے جانے پر دونوں فریقین کے موقف کو سنا گیا اور اس پر کمیشن نے چیئرمین کو پابند کیا کہ وہ ملازمین کی تنخواہوں کی فوری ادائیگی کے لئے اقدامات کریں اور دیگر دونوں فریقین کے مابین جو بھی قانونی مسائل ہیں اس کو کمیشن کے ممبران کے ساتھ مل کر حل کرلیا جائے۔

اجلاس میں میونسپل کارپوریشن نوابشاہ میں دو ٹائونز ایچ ایم خوجہ ٹائون اور اولڈ نوابشاہ ٹاؤن کی تقسیم کے وقت وسائل اور اور زی ٹی شئیرز کے معاملہ پر کمیشن نے دونوں ٹائونز کے چیئرمینز کو ہدایات دی کہ وہ اس حوالے سے اپنے تحفظات جو بھی ہیں اس کی تفصیلی رپورٹ بنا کر چیئرمین تقسیم کمیٹی و ممبر لوکل گورنمنٹ کمیشن سندھ کے پاس جمع کروائیں تاکہ ان کے تمام تحفظات کا ازالہ ممکن ہوسکے۔

بعد ازاں وزیر بلدیات سندھ سعید غنی کی زیر صدارت شہید محترمہ بینظیر بھٹو ہائوسنگ سیل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ وسیم شمشاد، اسپیشل سیکرٹری ہائوسنگ ٹاون پلاننگ علی بخش مہر، پروجیکٹ ڈائریکٹر ہائوسنگ سیل انیس قادر منگی، ڈپٹی ڈائریکٹر انجنئیرنگ امان اللہ و دیگر شریک ہوئے۔ اجلاس میں سیل کے پروجیکٹ ڈائریکٹر انیس قادر منگی نے سندھ کے 30 اضلاع میں مستحق اور غریب لوگوں کو 6000 گھر بنا کر دئیے جانے کے حوالے سے تفصیلی رپورٹ پیش کی۔

انہوں نے بتایا کہ 6000 گھر سنگل یونٹ جس میں دو کمرے، واش روم، باورچی خانہ اور کوریڈور بنا کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں سیل نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں اور اب اس پر چیف سیکرٹری سندھ اور سیکرٹری خزانہ کی زیر صدارت اسٹیڈنگ کمیٹی نے ان کے فنڈز جاری کرنے ہیں۔ اس پر وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے ایڈیشنل چیف سیکرٹری لوکل گورنمنٹ سندھ کو ہدایات دی کہ وہ اس سلسلے میں جو بھی قانونی تقاضے پورے کئے گئے ہیں اس کی مکمل چھان بین کرکے رپورٹ مرتب کرلیں اور اس میں اس بات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے کہ یہ گھر صرف اور ان مستحق افراد کو مل سکیں جنہیں ماضی میں کوئی گھر یا پلاٹ فراہم نہ ہوا ہو۔

ساتھ ہی اس بات کی بھی باریکی سے جانچ پڑتال کی جائے کہ یہ گھر انہیں مستحق افراد کو ملنے چاہیے جو اس کے حقیقی حقدار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی خصوصی ہدایات ہیں کہ سندھ میں تمام ایسے افراد جن کے پاس رہنے اور سر چھپانے کے لئے چھت نہیں ہے انہیں چھت فراہم ہوسکے اور یہ منصوبہ بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔