Live Updates

چیئرپرسن سینیٹر پلوشہ محمد زئی خان کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کا اجلاس

پیر 30 جون 2025 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2025ء) وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیاہے کہ 23 پی ایس ڈی پی منصوبے جاری ہیں جن میں سے 11 مکمل ہو چکے ہیں۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن کا اجلاس پارلیمنٹ لاجز کے اولڈ پپس ہال میں چیئرپرسن سینیٹر پلوشہ محمد زئی خان کی صدارت میں منعقد ہوا۔

وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے کمیٹی کو آگاہ کیا کہ 23 پی ایس ڈی پی منصوبے جاری ہیں جن میں سے 11 مکمل ہو چکے ہیں۔ ان منصوبوں کی کل لاگت 97,119.680 ملین روپے ہے۔ مالی سال 2024-25 کے لیے ابتدائی طور پر 21,429.000 ملین روپے مختص کیے گئے تھے تاہم تبدیلی کے بعد حتمی بجٹ 8,589.222 ملین روپے مختص کیا گیا۔اجلاس میں کراچی آئی ٹی پارک منصوبے پر تفصیلی بحث ہوئی۔

(جاری ہے)

وزارت نے بتایا کہ یہ منصوبہ کورین معاونت سے چل رہا ہے تاہم بھارت-پاکستان کشیدگی کے باعث ابتدائی طور پر روک دیا گیا تھا۔ اب دوبارہ ٹینڈر جاری کر دیئے گئے ہیں اور کوریا کی مختلف کمپنیوں کو مدعو کیا گیا ہے۔ڈائریکٹر جنرل (انٹرنیشنل کوآرڈینیشن) کی بھرتی کے معاملے پر کمیٹی نےوزارت کو ہدایت کی کہ تمام درخواستیں فراہم کی جائیں تاکہ شارٹ لسٹنگ کا معیار جانچا جا سکے۔

مزید برآں وزارت نے سمارٹ اسلام آباد پروجیکٹ پر بریفنگ دی جو سرکاری سکولوں، اسپتالوں، پولیس سٹیشنز اور میٹرو میں فائبر کنیکٹیویٹی فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے۔سینیٹر منظور احمد نے بلوچستان سے آئی ٹی کے شعبے میں تعلیم یا روزگار کے لیے بیرون ملک جانے والے افراد کا ڈیٹا فراہم کرنے کی تجویز دی جسے وزارت نے مثبت قرار دیا اور کہا کہ مکمل سروے کر کے رپورٹ پیش کی جائے گی۔اجلاس میں سینیٹرز ندیم احمد بھٹو، ڈاکٹر افنان اللہ خان، ڈاکٹر محمد ہمایوں ، منظور احمد، سید کاظم علی شاہ، سیف اللہ سرور خان نیازی، گردیپ سنگھ، پرویز احمد اور متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات