آزاد کشمیر، تحریک انصاف کے دو اراکین اسمبلی پیپلز پارٹی میں شامل، فریال تالپور کا خیر مقدم

پیر 30 جون 2025 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2025ء)تحریک انصاف کو آزاد کشمیر میں بڑا جھٹکا، دو اہم اراکین اسمبلی پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔پیر کو پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر و رکن سندھ اسمبلی فریال تالپور سے پی ٹی آئی آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر و ایم ایل اے چودھری رفیق نیئر اور وزیر ٹرانسپورٹ جاوید بٹ کی ملاقات ہوئی۔زرداری ہائوس کراچی میں ہونیوالی ملاقات کے دوران چودھری رفیق نیئر اور جاوید بٹ نے اپنے اپنے ساتھیوں اور حامیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

چودھری رفیق نیئر اور جاوید بٹ نے صدر مملکت آصف علی زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔اس موقع پر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ کشمیر کاز کو مضبوطی سے آگے بڑھانے اور آزاد کشمیر کی ترقی و بہبود کا واحد سیاسی پلیٹ فارم قائدِ عوام شہید بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی پارٹی ہے، اس کی قیادت اب بلاول بھٹو کے مضبوط ہاتھوں میں ہے۔فریال تالپور نے چودھری رفیق نیئر اور جاوید بٹ کو ان کے ساتھیوں سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیر و پی پی پی آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری فیصل ممتاز اور چودھری محمد ریاض بھی موجود تھے۔